خورشید شاہ اور فاروق ستار کے بیانات گھناؤنی سازش نامی فلم کا پارٹ ٹو ہے، رضا ہارون

پی پی پی اور ایم کیو ایم دونوں عوام کی خدمت کرنے اور صوبہ کی ترقی میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، بیان

بدھ 23 مئی 2018 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) سیکریٹری جنرل پاک سرزمین پارٹی رضا ہارون نے کہا ہے کہ خورشید شاہ اور فاروق ستار کے بیانات لسانی فسادات اور سندھ میں عصبیت اور نفرتیں پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش نامی فلم کا پارٹ ٹو ہے۔ایک روز قبل اس سازش کے دوسری قسط سندھ اسمبلی میں پیش کی گئی جہاں لیڈر آف اپوزیشن اور لیڈر آف ہاؤس نے سندھی اور مہاجر کا لسانی کارڈ بھرپور طریقے سے استعمال کیا۔

رضا ہارون نے کہا کہ آج اسی سازش کی اگلی قسط کے طور پر فاروق ستار اور خورشید شاہ میدان میں اترے ہیں تاکہ آئندہ الیکشن بھی نفرتوں اور عصبیت کی بنیاد پر اِدھر ہم اٴْدھر تم کا نعرہ لگایا جا رہا ہے۔پی پی پی اور ایم کیو ایم دونوں عوام کی خدمت کرنے اور صوبہ کی ترقی میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پانچ برس تک ان دونوں جماعتوں کو عوام کے حقوق اور سندھ دھرتی کی عزت اور احترام کا خیال تک نہیں آیا۔

سندھ میں لوگوں کے پاس پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں، کچرا گلیوں سے اٹھ نہیں رہا، تعلیم کا معیار پست ہے اور عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات میسر نہیں ہیں اور اس کی تمام تر ذمہ داری پی پی پی اور ایم کیو ایم پر عائد ہوتی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ عوام اپنے اتحاد سے نفرتوں اور تعصب کی سیاست کو ناکام بنا دیں اور سیاست کے نام پر عوام کو لڑانے والی جماعتوں کو مسترد کر دیں۔ عوام کو بنیادی حقوق مہیا کرنے میں ناکام جماعتیں آئین کے تحت مقامی حکومتوں کو بااختیار کرنے میں ناکام رہی ہیں۔#