ضلع چکوال کی دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں کے انٹر ویو مکمل ہوگئے

بدھ 23 مئی 2018 23:33

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) ضلع چکوال کی دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے انٹر ویو مکمل ہوگئے۔ انٹر ویو عامر کیانی نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں لیے۔ 25سے زائد امیدواروں نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ کیلئے درخواستیں دی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

معتبر اور باخبر سیاسی حلقوں نے ایک بار پھر تصدیق کی ہے کہ حلقہ این ای64پر سردار غلام عباس ، پی پی21پر راجہ یاسر سرفراز، پی پی22پر پیر وقار حسین کرولی، حلقہ این ای65پر چوہدری پرویز الہٰی ، پی پی23پر پیر نثار قاسم، فوزیہ بہرام، اختر شہباز اور سردار آفتاب اکبر میں سے ایک کے لیے جانے کا امکان ہے جبکہ پی پی24پر کرنل سلطان سرخرو حتمی ہیں۔

پیر وقار حسین نے انٹر ویو کے بعد اخبار نویسوں کو بتایا کہ اگر پارٹی نے ٹکٹ دیا تو بھرپور طریقے سے الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خود ساختہ شہنشاہ تعمیرات اور محسن چکوال کے القابات لکھنے والوں کا یوم حساب قریب آچکا ہے اور جولائی کے انتخابات میں مسلم لیگی قلعہ ضلع چکوال سے 100فیصد زمین بوس ہوگا کیونکہ گزشتہ35سالوں سے ضلع چکوال کی سیاست پر قابض ان بدعنوان عناصر نے ضلع چکوال کے 15لاکھ عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔