مسائل کے دلدل سے نکلنے کیلئے سواتی عوام کیلئے "سوات لویہ جرگہ " کا قیام ناگزیر ہے،عبدالرحیم

جمعرات 24 مئی 2018 23:17

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2018ء) سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے واضح کیا ہے کہ مسائل کے دلدل سے نکلنے کیلئے سواتی عوام کیلئے "سوات لویہ جرگہ " کا قیام ناگزیر ہے ، ہمیں ایک ایسے فورم کی ضرورت ہے جو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہواور جسے پورے سوات کے عوام کا اعتماد حاصل ہو ، سوات کے بنیادی مسائل و محرومیوں اور نا انصافیوں کے خاتمے کیلئے قبل ازیں کسی بھی وقت حقیقی معنوں میں آواز بلند نہیں کی گئی البتہ اپنی سیاسی مقاصدحاصل کئے اور خود مالا مال ہو گئے لیکن سوات کے عوام کی حقیقی محرومیاں کمی کی بجائے روز بروز بڑھتی جا رہی ہے حالیہ خوفناک اور دردناک طالبانائزیشن کی تحریک اور فوجی آپریشن میں جس قدر ضلع سوات کی سیاحت ، زراعت ، صنعت ، تجارت متاثر ہوئی ہے وہ ایک تلخ حقیقت ہے لیکن ضلع کی سطح پر حقیقی جرگہ اور مخلص قیادت نہ ہونے کیوجہ سے شنوائی نہیں ہوئی ہے اسٹیٹ اور عوام کے درمیان فاصلوں کو مخصوص طبقہ نے ذریعہ معاش بنالیا ہے اور سادہ لوح عوام و محب وطن پاکستانی اسٹیٹ سے روز بروز متنفر ہوتے چلے آ رہے ہیں جس سے ایک نیا بحران جنم لینے کا خدشہ ہے اگر اب بھی ہم نے صحیح سمت اپنانے کا فیصلہ نہیں کیا تو بربادی و تباہی کے سوا کچھ نہیں ملے گا انہوں نے محب وطن پاکستانیوں اور علاقے کیلئے دل میں درد رکھنے والوں سے اپیل کی ہے کہ مزید خاموش تماشائی بن کر بیٹھنا کوئی دانشمندی نہیں اسٹیٹ اور عوام کے درمیان رابطے کیلئے کوئی ایسا مخلص فورم قائم کیا جائے جو اسٹیٹ کے ذمہ داروں کے سامنے عوام کے حقیقی مسائل صحیح انداز میں رکھ سکے اور اسٹیٹ کے ذمہ دار اس کو صحیح طریقے سے سن کر شنوائی کر سکے انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ پورے ضلع کی سطح پر سوات لویہ جرگہ کا قیام عمل میں لایا جائے اور اس میں علاقے کے قائدین ،عمائدین اور یوتھ کو بھی نمائندگی دی جائے تاکہ عوام کے جذبات اور احساسات سے حکام کو آگاہ کر سکے عنقریب اس کیلئے مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں سوات بھر کے تمام یونین کونسلوں کے عمائدین ، قائدین ،نوجوان اور ہر مکتبہ فکر کے افراد کو دعوت دی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :