اراضی ریکارڈ سنٹر میں سائلین کے لئے انتظار گاہیں دو دن میں مکمل کی جائیں گی،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 24 مئی 2018 23:33

ملتان۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے اراضی ریکارڈ سنٹر املتان کا دورہ کیا جہاں انھوں نے سائلین کو درپیش مسائل اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے انتظار گاہیں 2دن میںمکمل کرنے اور انتقالات کے زیرالتواتمام کیسز 3دن میں حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل کا کہنا تھا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے نادرا کے ساتھ طے پانے والے حالیہ معاہدے کے بعد ضلع ملتان کے 68سے زائد ای سہولت مراکز سے فرد برائے ریکارڈ حاصل کی جاسکے گی۔

آج سے اس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا جار ہا ہے۔ملتان سٹی اور صدر میں قائم 62سے زائد ای سہولت مراکز سے فرد برائے ریکارڈ 5منٹ سے بھی کم دورانیے میں حاصل کی جاسکے گی۔

(جاری ہے)

شجاع آباد اور جلال پور پیر والا میں قائم نادرا کے 3،3سہولت مراکز سے زمین کی فرد حاصل کی جاسکے گی۔ضلع ملتان میں قائم پانچوں اراضی ریکارڈسنٹرز پر 82% سے زائدرش میں کمی واقع ہوگی۔

عوام کو دور درازواقع گاؤں اور قصبات سے اراضی ریکارڈ سنٹر نہیں آنا پڑے گا بلکہ انکے یہاں گلی محلوں میں قائم نادرا ای سہولت مراکز سے ہی خدمات حاصل کی جاسکیں گی۔ ابتدائی طور پر فرد کی قیمت 150روپے اور نادرا کی فیس 60روپے مقرر کی گئی ہے۔اس عمل کو شفاف بنانے کیلئے اصل شناختی کارڈ اور بائیو میٹرک تصدیق کے بعد فرد برائے ریکارڈجاری کی جائے گی۔

ای سہولت مراکز پر تربیت یافتہ نمائندے موجود ہیں اس کے ساتھ ساتھ وہاں تمام ضروری سامان مہیا کر دیا گیا ہے تاکہ سروس کی فراہمی بلا تعطل مہیا کی جاسکے۔ ترجمان پنجاب لینڈر یکارڈز اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے اپنی بھر پور توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔ اس انقلابی قدم سے جہاں 5اراضی ریکارڈسنٹرز سے ضلع کے تمام لوگ خدمات حاصل کر رہے تھے اب ان خدما ت کی فراہمی کے دائرہ کارمیں مزید 68سے زائد سہولت مراکز کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

رش کی وجہ سے جہاں لوگوں کو تکلیف اٹھانا پڑتی تھی اور انکا قیمتی وقت ضائع ہوتا تھاوہاں کچھ عناصر عوام کی اس کمزوری کا فائدہ اٹھا کر ناجائز ذرائع استعمال کر کے ان کے کام کرواتے اورادارے کی بدنامی کا باعث بن رہے تھے۔سہولت مراکز کے قیام کے بعد ان لوگوں کو مایوسی ہوگی جو لوگوں سے پیسے بٹور کر ان کا کام جلدی کروانے کا جھانسا دیتے تھے۔

کرپشن کے حوالے سے ہماری زیرو ٹالیرنس پالیسی واضح ہے اور کرپشن میں ملوث کسی بھی افسر کے خلاف بلا امتیاز تادیبی کاروائی کی جائے گی۔پنجاب کے تمام151 اراضی ریکارڈ سنٹرز پہ ہیلپ لائن پرمفت کال کیلئے بوتھ قائم کرنے کے پروجیکٹ پر تیزی سے کا جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ میرے آفس کے دروازے ملتان کے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیںاور اراضی ریکارڈ سنٹر سے متعلق شکایا ت کے ازالہ کے لیے میں خود باقاعدگی سے وزٹ کروں گا۔