پاکستان سے رخصت ہونے والی گیتا کے لیے شادی کا اشتہار

رشتے کے امیدواروں کی لائن لگ گئی،اب تک پچاس رشتے کے امیدوار آ چکے ہیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 25 مئی 2018 00:15

پاکستان سے رخصت ہونے والی گیتا کے لیے شادی کا اشتہار
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 مئی 2018ء) پاکستان سے رخصت ہوکر اپنے وطن جانے والی گیتا کے لیے شادی کا اشتہارشائع کرنے بعد رشتے کے امیدواروں کی لائن لگ گئی،اب تک پچاس رشتے کے امیدوار آ چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کئی برس پہلے سننے اور بولنے کی صلاحیت سے محروم لڑکی گیتا کسی طرح سے سرحد پار کر کے پاکستان آپہنچی ۔ پولیس نے قانونی کاروائی کرنے کے بعد گیتا کو کراچی کے ایدھی سینٹر میں منتقل کر دیا تھا ۔

لیکن 2015میں اسے بھارت منتقل کر دیا گیا تھا لیکن گیتا تا حال اپنے خاندان سے نہیں مل سکی ۔کچھ عرصہ قبل بھارتی وزیر خارجہ سُشما سوراج نےبھی عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ گیتا کو اُس کے خاندان سے ملانے میں مدد کریں۔ بھارتی شہر اندور میں گیتا کے ساتھ سُشما سوراج نے ایک وڈیو پیغام جاری کیا کہ جو شخص گیتا کو اس کے خاندان سے ملانے میں مدد کر ے گا اسے ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان سے لوٹنے کے بعد گیتا بھارتی شہر اندور میں رہائش پزیر ہیں۔ گونگی اور بہری گیتا اپنے والدین سے ملنے کے لیے پریشان رہتی ہیں۔تاہم گیتا کے خاندان کا نام نشان نہ ملنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ گیتا کی شادی کے لیے اشتہار جاری کر دیا جائے۔جس کے بعد گیتا کے لیے شادی کا اشتہار جاری کرنے کے کچھ عرصہ بعد ہی گیتا کے لیے شادی کے امیدواروں کی لائینیں لگ گئیں۔

فیس بک پر جاری اشتہار کے بعد اب تک پچاس لوگوں کے رشتے گیتا کے لیے آ چکے ہیں جن میں سے جانچ پڑتا ل کے بعد 25لوگوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جن کو جلد ہی گیتا سے ملایا جائے گا۔اکثر لوگ گیتا کی شہرت کی وجہ سے اس سے شادی کرنا چاہتے ہیں مگر شادی اسی سے ہو گی جسے گیتا پسند کرے گی اور اس مقصد کے لیے جلد ہی گیتا کو ان تمام امیدواروں سے ملایا جائے گا۔