کراچی ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے ناجائز منافع خوری کے خلاف کریک ڈائون جاری، قید، جرمانے اور سزائیں

جمعہ 25 مئی 2018 18:13

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ کراچی ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈائون جاری ہے جس کے تحت دوودھ، آٹا، سبزی، دالیں، گوشت، پھلوں، مرغی اور دیگر اشیاء خوردنوش سرکاری نرخنامہ سے زائد پر فروخت کرنے پر 374 دکانداروں کا چالان، 4 لاکھ 66 ہزار 100 روپے جرمانہ عائدکیا گیا۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ جن علاقوں میں گرانفروشوںکے خلاف اقدامات کیے گئے ان میں صدر،سول لائن،گارڈن، سائیٹ، بلدیہ، فیروز آباد، جمشید کواٹرز، گلشن اقبال، گلزار ہجری، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، اورنگی، بلدیہ، بن قاسم، ابراہیم حیدری، نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی اور ماڈل کالونی کے علاقے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اعجاز احمد خان نے مزید بتایا کہ شہر بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیار کاروں کی جانب سے گرانفروشوں کے خلاف جاری کریک ڈائون کے نتیجے میں 15 دودھ فروشوں پر 24000 روپے، 50 اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں پر 170000 روپے، 64 مرغی فروشوں پر 60500 روپے، 65 سبزی فروشوں پر 36000 روپے، 133 پھل فروشوں پر 76100 روپے، 14 گوشت فروشوں پر 36500 روپے، 27 بیکری والوں پر67000 روپے اور 06 مختلف گرانفروشوں پر 3000 روپے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ مسلسل خلاف ورزی کرنے والے 36 گرانفروشوں کو گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا گیا۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ گرانفروشوں ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی گرانفروشی کو روکنے کے سلسلے میں سبزی منڈی اور پھل منڈی میں رات نیلامی کے اوقات میں انتظامی افسران کی جانب سے نگرانی جاری ہے جس کے نتیجے میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو سرکاری ریٹ کے مطابق فروخت کو یقینی بنایا جا رہاہے۔