4جماعتی اتحاد کااجلاس،محب وطن قوتوں کواکٹھا کرنےکافیصلہ

چاروں صوبوں میں سیاسی وعوامی رابطےبڑھائے جائیں گے،1977ءاور2013ء والا الیکشن ڈرامہ نہیں ہونا چاہئے،انتخابی نتائج عوام کیلئےقابل قبول ہوں،چوہدری شجاعت

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ مئی 18:20

4جماعتی اتحاد کااجلاس،محب وطن قوتوں کواکٹھا کرنےکافیصلہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25مئی 2018ء) : مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی زیرصدارت چارجماعتی اتحاد کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ محب وطن قوتوں کواکٹھا کیا جائے گا،چاروں صوبوں میں سیاسی وعوامی رابطے بڑھائے جائیں گے،1977ء اور 2013ء والا الیکشن ڈرامہ نہیں ہونا چاہئے، انتخابی نتائج عوام کیلئے قابل قبول ہوں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کی رہائش گاہ پر چار جماعتی اتحاد کے اجلاس میں آئندہ الیکشن پر غور و خوض کیا گیا جس میں پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈاپور، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، مجلس وحدت المسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ناصر عباس شیرازی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام محب وطن قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں چاروں صوبوں میں سیاسی رابطے بڑھائے جائیں گے اور رابطہ عوام مہم شروع کی جائے گی۔ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بہر صورت غیرجانبدار ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے تاکہ اس کے نتائج عوام کیلئے قابل قبول ہوں کیونکہ شفاف الیکشن ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1977ء اور 2013ء والا الیکشن ڈرامہ اب نہیں ہونا چاہئے اگر ایسا کیا گیا تو اس پر عوامی ردعمل تاریخ کاحصہ بن جائے گا کیونکہ ایسے الیکشن کے نتائج کو عوام قبول نہیں کریں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پیش رفت کے حوالے سے خرم نواز گنڈاپور نے بریفنگ دی اور اجلاس نے اس سانحہ کے متاثرین کی دادرسی کے سلسلہ میں عدلیہ کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔