بہاولپور صوبہ قائداعظم کا فیصلہ اور شہدا ء کی امانت ہے، محمد علی درانی

اس کے خلاف غداری اور شرارت کرنے والے شاہ محمود قریشی بہت جلد تحریک انصاف میں عبرت کا نشان بننے والے ہیں،سابق وفاقی وزیر

جمعہ 25 مئی 2018 22:44

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ بہاولپور صوبہ قائداعظم کا فیصلہ اور شہدا ء کی امانت ہے۔ اس کے خلاف غداری اور شرارت کرنے والے شاہ محمود قریشی بہت جلد تحریک انصاف میں عبرت کا نشان بننے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بہاولپورصوبہ کی نفی کرکے شاہ محمود نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی توہین کی ہے جس پر انہیں معافی مانگنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بہاولپور صوبہ قائداعظم کا فیصلہ اور ایک تاریخی، قانونی وآئینی حقیقت ہے۔ جس کا انکار کرکے شاہ محمود قریشی یحیٰی خان کے پیروکار بن گئے ہیں۔ محمد علی درانی نے کہاکہ بانی پاکستان کے وعدے کو دفن کرنے اور اہل بہاولپور کے حقوق کا قتل عام کرنے والا ہر مخالف یحیی خان کی طرح تاریخ کے کوڑے دان میں جائے گا۔ کیونکہ بہاولپور صوبہ کی بنیاد میں شہدائکا خون شامل ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی بہاولپور سے ہی نہیں سرائیکی صوبے سے بھی غداری کررہے ہیں۔