امیر حیدر ہوتی نے آئندہ انتخابات کیلئے قومی و صوبائی اسمبلی کے مزید تین حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کر دیا

پی کی71پشاور سے عبدالحفیظ خان ،پی کی4سوات سے عاصم اللہ خان ،این اے 3 کیلئے عبدالکریم خان نامز د

ہفتہ 26 مئی 2018 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے چیئر مین پارلیمانی بورڈ اور پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے آئندہ انتخابات کیلئے قومی و صوبائی اسمبلی کے مزید تین حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے ، اس بات کا فیصلہ اے این پی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ہوا جس میں سیکرٹری سردار حسین بابک اور بورڈ کے دیگر ممبران نے بھی شرکت کی ، امیر حیدر خان ہوتی نے پشاور سے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کی71پشاور سے عبدالحفیظ خان ایڈوکیٹ کو امیدوار نامزد کر دیا ہے ،پی کی4سوات سے عاصم اللہ خان امیدوار ہونگے جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 3سوات کیلئے عبدالکریم خان کو ٹکٹ جاری کر دیا گیا، امیر حیدر خان ہوتی نے پارٹی اور پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے تمام عہدیداروں ، کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ عام انتخابات کیلئے انتخابی مہم انتہائی مؤثر انداز میں چلائیں اور پارٹی امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔