Live Updates

لاہور،عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے، صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

منشور کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا، الیکشن میں حق اور باطل کا تاریخی مقابلہ میں ایم ایم اے سرخرو ہو گی، ترجمان متحدہ مجلس عمل

اتوار 27 مئی 2018 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ 4 جون کو ایم ایم اے کے منشور کا اعلان کیا جائے گا۔ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے۔ 25 جولائی کے انتخابی معرکے میں ایم ایم اے سرخرو ہو گی۔ الیکشن میں حق اور باطل کا تاریخی مقابلہ ہو گا۔

جنرل اسد درانی نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ کے ساتھ مل کر کتاب تحریر کر کے ناقابل معافی جرم کیا ہے۔ اسد درانی کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے۔ نگران حکومت پر اپوزیشن اور حکومت کا اتفاق رائے نہ ہونا افسوسناک ہے۔ ایک دوسرے کو قبول نہ کرنے کا کلچر ہی غیر جمہوری قوتوں کے لئے راستہ ہموار کرتا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے سارے کرپٹ اور قرضہ خور افراد اپنی پارٹی میں جمع کر لئے ہیں۔

سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے لوٹے پی ٹی آئی کی جڑوں میں بیٹھ جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ایم ایم اے عید کے بعد چاروں صوبوں میں بڑے جلسے منعقد کرے گی۔ جلسوں کے ذریعے نظریاتی ووٹرز کو متحد اور متحرک کیا جائے گا۔ متحدہ مجلس عمل سیکولر قوتوں کا الیکشن میں ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

قوم نظام مصطفے کے حامی امیدواروں کو ووٹ دے گی۔ جے یو پی نے الیکشن میں حصہ لینے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ متحدہ مجلس عمل انتخابی مہم کے دوران بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئے گی۔ ایم ایم اے کا عوام دوست اور اسلامی منشور ہر پاکستانی تک پہنچایا جائے گا۔ بیرونی طاقتیں ایم ایم اے کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ ایم ایم اے اقتدار میں آ کر پاکستان کے خلاف جاری سامراجی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنائے گی اور قوم کو امریکی غلامی سے نجات دلائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات