دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج ودیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں

‘ شیر علی گورچانی وطن عزیز کی سا لمیت ، خود مختاری اور دفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے ،پاکستان کی بقاء اورسلامتی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے ‘ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

پیر 28 مئی 2018 17:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔انہوں نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 28مئی پاکستان کی سیاسی اور دفاعی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ۔ اس دن محمد نواز شریف نے تمام تر دبائو کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکے کئے اورایک نئی تاریخ رقم کی۔

پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا کریڈٹ محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز اور جرأت مند قیادت کو جاتا ہے اور محمد نواز شریف نے اغیار کی امداد کو ٹھوکر مار کر ایٹمی دھماکے کر کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔انہوں نے کہا کہ28مئی 1998 ء کو پاکستان کے اس تاریخی کارنامے سے پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا۔

(جاری ہے)

یوم تکبیر پاکستانی قوم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے فخر کا دن ہے کیونکہ آج کے دن پاکستان دنیا کے نقشے پر پہلی مسلم ایٹمی قوت کے طور پر ابھرا۔

سردار شیر علی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ہمت و جرات کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کر نا ہے کہ وطن عزیز کی سا لمیت ، خود مختاری اور دفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور پاکستان کی بقاء اورسلامتی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔