مشکلات کے باجود حکومت نے ترقیاتی کاموں کا سفر جاری رکھا-شاہدخاقان عباسی

مخالفین جو دعوے کررہے ہیں وہ ترقیاتی کام ہم پہلے ہی کرچکے ہیں۔آج لوڈشیڈنگ یا دہشت گردی کی نہیں ترقی کے سفرکی باتیں ہورہی ہیں-تقریب سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 مئی 2018 20:38

مشکلات کے باجود حکومت نے ترقیاتی کاموں کا سفر جاری رکھا-شاہدخاقان عباسی
ٹوبہ ٹیک سنگھ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 مئی۔2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تمام تر مشکلات کے باجود حکومت نے ترقیاتی کاموں کا سفر جاری رکھا، کسی بھی علاقے میں جائیں ن لیگ کے ترقیاتی کام نظرآئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرہ تا ٹوبہ ٹیک سنگ موٹروے سیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم نے کہا کہ مخالفین جو دعوے کررہے ہیں وہ ترقیاتی کام ہم پہلے ہی کرچکے ہیں۔

آج لوڈشیڈنگ یا دہشت گردی کی نہیں ترقی کے سفرکی باتیں ہورہی ہیں، 2013کے الیکشن میں قومی فیصلے کے ثمرات عوام کو ملیں گے، جمہوری نظام میں عوام کا فیصلہ ہی ہمیشہ مقدم رہتا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آپ کسی بھی علاقے میں جائیں وہاں آپ کو ن لیگ کے ترقیاتی کام نظرآئیں گے، سی پیک سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، اگر اگلی مرتبہ اقتدار ملا تو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی کے تسلسل کیلئے25جولائی کو عوام نے ایک بار پھر نون لیگ کے حق میں فیصلہ کرنا ہے۔علاوہ ازیں آج سے کچھ روز قبل باچا خان ایئرپورٹ پشاور کی تزئین و توسیع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لاہور ایئرپورٹ توسیع منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے جبکہ کراچی ایئر پورٹ کی تزئین و آرائش کیلئے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

نون لیگ کے دور حکومت میں ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں موٹرویز اورہائی ویز کا نیٹ ورک بنایا جارہا ہے، پاکستان میں1700کلومیٹر طویل6رویہ موٹر ویز زیر تکمیل ہیں۔ موجودہ حکومت6 فیصد اقتصادی شرح نمو حاصل کرنے میں کامیاب رہی، لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں کامیابی ملی، معاشی چیلنجز پر قابو پایا۔