انجینئرنگ یونیورسٹی پی ٹی آئی کا عظیم منصوبہ ہے، ضلع میں منصوبہ سے ہنر مند افرادی قوت پیدا ہو گی، عمر ایوب

بدھ 30 مئی 2018 15:49

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) حلقہ این اے 17- ہری پور سے امیدوار قومی اسمبلی سابق وزیر مملکت برائے خزانہ عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ منگ کے مقام پر انجینئرنگ یونیورسٹی کا قیام تحریک انصاف کا عظیم منصوبہ ہے جس سے ہری پور میں ہنر مند افرادی قوت پیدا ہو گی جنہیں نہ صرف مقامی بلکہ قومی و بین الاقوامی اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر روزگار ملے گا اور اس سے غربت و بیروزگاری میں کمی آئے گی۔

حلقہ میں مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی تحریک انصاف کا مشن ہے اسی مقصد کیلئے فنی اداروں کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ نوجوان مختلف ہنر سیکھ کر آگے بڑھ سکیں، یوں تو ہری پور میں گذشتہ پانچ سالوں کے دوران تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس دیئے ہیں جن کی تکمیل سے ہری پور کے عوام کی زندگیوں میں بڑی تبدیلی آئے گی لیکن منگ کے مقام پر انجینئرنگ یونیورسٹی کی تعمیر سب سے بڑا منصوبہ ہو گا جس سے مقامی نوجوانوں کو نہ صرف گھر کی دہلیز پر جدید فنی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دستیاب ہوں گے بلکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد فوری روزگار کے مواقع بھی ملیں گے، مذکورہ یونیورسٹی کی ڈگری دنیا بھر میں تسلیم کی جائے گی اور اس کی بنیاد پر نوجوانوں کو اندرون و بیرون ملک باعزت روزگار ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں بھی توسیع کی جا رہی ہے، یہاں بھی لاکھوں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے بیروزگار ی میں کافی حد تک کمی آئے گی، انشاء الله تحریک انصاف دوبارہ اقتدار میں آ کر اپنے اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔