فرانس، مسلم اسپائڈر مین کے ہاتھوں بچ جانے والے بچّے کے باپ کو جیل

بچے کو حادثے کے وقت والد پوکیمون گوگیم کھیلنے میں مصروف تھا ،نااہلی پر سزادی گئی،فرانسیسی استغاثہ

بدھ 30 مئی 2018 16:44

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) فرانس میں دو روز قبل عمارت کی چوتھی منزل کی بالکونی سے لٹکنے والے بچے کے باپ کے حوالے سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ حادثے کے وقت گھر سے باہر پوکیمون گو گیم کھیلنے میں مصروف تھا،چار سالہ بچّے کو افریقی ملک مالی سے تعلق رکھنے والے ایک تارک وطن نوجوان نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچا لیا تھا۔

(جاری ہے)

تارکِ وطن کو اس دلیرانہ کارنامے پر مسلم اسپائیڈر مین کا خطاب دیا گیا اور فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں نے اسے فرانسیسی شہریت اور محکمہ فائر بریگیڈ میں ملازمت کی پیش کش بھی کردی۔فرانس کے پراسیکیوٹر فرانسوا مولینز نے انٹرویو میں بتایا کہ بچّے کا باپ اپنے بیٹے کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر بازار میں سودا سلف لینے چلا گیا تھا اور پھر دکان سے نکل کر پوکیمون گو گیم کھیلنے لگ گیا۔ مولینز کے مطابق بچے کے باپ کو دو برس تک کی جیل کا سامنا ہے اس لیے کہ اس نے بطور والد اپنی ذمے داری پوری نہیں کی۔