پی ٹی آئی نےنگراں وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی پرمذاق کیا،رانا ثناءاللہ

نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی آئینی و قانونی طریقہ کے تحت کی گئی، آئین میں ناصرکھوسہ کا نام واپس لینے کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے۔وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 30 مئی 2018 17:06

پی ٹی آئی نےنگراں وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی پرمذاق کیا،رانا ثناءاللہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 مئی 2018ء) : وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ خاں نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی پرمذاق کیا، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی آئینی و قانونی طریقہ کے تحت کی گئی ہے۔ جس کے باعث نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا نام واپس لینے کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ناصرمحمود کھوسہ کا نام واپس لینے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ تحریک انصاف نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ناصر محمود کھوسہ کی نامزدگی پر مذاق کیا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی ایک آئینی و قانونی طریقہ کے تحت کی گئی ہے۔ جس کے باعث نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا نام واپس لینے کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اب جو مرضی کہتی رہے کہ ہم نے جلد بازی میں نامزدگی کردی یا جو کچھ مرضی کہے۔

(جاری ہے)

اب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی جس پرآئین کے تحت نامزدگی ہوئی ہے اسی طرح ان کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر کوئی مشاورت یا نظر ثانی نہیں کی جائے گی۔وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ اب نگراں وزیراعلیٰ کے نام پردوبارہ مشاورت کی جائے، یانام واپس لے لیا جائے۔واضح رہے تحریک انصاف نے اپنے ہی نامزد کردہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ناصر کھوسہ کا نام واپس لے لیا ہے۔

پی ٹی آئی نے ناصر محمود کھوسہ کے نام کو متنازع گردانتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا نام نہیں ہے۔ اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید نے پارٹی تنقید کے بعد میڈیا کو بتایا کہ نامزد نام پر پارٹی اور باہر سے مخالفت کی آوازیں آرہی تھیں۔ نئے نام پارٹی مشاورت کے بعد آج ہی سامنے آجائیں گے۔ تحریک انصاف نے کامران رسول اور طارق کھوسہ کے ناموں پر مشاورت شروع کردی ہے۔

طارق کھوسہ اور ناصر کھوسہ کے ناموں میں کنفیوژن پیدا ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے سابق چیف سیکرٹری ناصرمحمود کھوسہ کا نام دیا گیا تھا، تاہم نامزدگی کیلئے جلد بازی میں غلطی ہوگئی۔ اب ہم نام واپس لے رہے ہیں۔ دوسری جانب ایک تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ جب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے ناصر محمو دکھوسہ کا نام دیکھا توانہوں نے وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے ذریعے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید سے دوبارہ ناصر کھوسہ کے نام کی تصدیق کروائی۔

بتایا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ناصر کھوسہ کا نام دیکھ کرشہباز شریف حیران رہ گئے۔ جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید کے درمیان ناصر کھوسہ کے نام پراتفاق پاگیا۔ اور دونوں نے پریس کانفرنس کے دوران ناصرکھوسہ کی نامزدگی کا اعلان کردیا۔