کاروباری برادری نے ایف پی سی سی آئی اور یونائٹڈ بزنس گروپ کے خلاف جاری بے بنیاد مہم کو مسترد کر دیا

بدھ 30 مئی 2018 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) ملک بھر کی کاروباری برادری نے فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انتخابات میں شکست خوردہ گروپ کی جانب سے شروع کردہ بے بنیاد مہم کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی اور یونائٹڈ بزنس گروپ نے پاکستان میں کاروباری برادری کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے اور بے مثال خدمات کے صلے میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔

بدھ کو جاری ایک مشترکہ بیان میں ایف پی سی سی آئی کے سابق صدور الیاس بلور، میاں محمد ادریس، زبیر طفیل، عبد الرئوف عالم، یو بی جی کے سرپرست ایس ایم منیر اور اس کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک، اہم تاجر رہنما اسحاق بیگ، شیخ ریاض الدین، خالد تواب اور دیگر نے واضح طور پر کہا کہ کاروباری برادری کے کچھ بدعنوان اور مفاد پرست عناصر کی طرف سے شروع کردہ مہم بالکل بے بنیاد اور کاروباری کمیونٹی کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

نسینئر نائب صدر سارک چیمبر اور یو بی جی کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں یو بی جی کی مسلسل کامیابی تجارتی برادری کی طرف سے اس کی متحرک اور دیانتدار قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے کیونکہ اس نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بھ پور کام کیا ہے جبکہ مخالف گروپ کو بار بار ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات میں توہین آمیز شکست کا سامنا پڑتا رہا ہیاور اب جبکہ یہ عیاں ہو چکا ہے کہ وہ اقتدار میں نہیں آسکتے، انہوں نے موجودہ بر سر اقتدار گروپ کو بدنام کرنے کیلئے بے بنیاد الزام تراشی شروع کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین کو الزام تراشی کی بجائے الیکشن کا جمہوری راستہ اختیارکرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالف گروپ نے تمام متعلقہ قانونی فورمز میں اپیلوں کا حق استعمال کیا جو بالآخر عدم ثبوت کی وجہ سے خارج ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی جمہوریت پر یقین رکھتا ہے اور تمام فیصلے اتفاق رائے سے کئے جاتے ہیں، گروپ ہمیشہ کاروباری برادری کو درپیش چیلنجوں اور مسائل کو حل کرنے کے لئے مضبوط، مستحکم، اعلی اقدار کے حامل دیانتدار اور پیشہ ورانہ عزم رکھنے والے امیدواروں کو نامزد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بے بنیاد مہم چلانے والوں کو ادراک ہونا چاہیئے کہ پاکستان میں پانی، بجلی اور گیس کے زیادہ نرخ اور ٹیکس کی زیادہ شرح کے علاوہ سیاسی صورتحال بھی کاروباری ترقی کو متاثر کرتی ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ جو لوگ ایف پی سی سی آئی کا موازنہ انڈین فیڈریشن آف چیمبرز کے ساتھ کر رہے ہیں ان کے علم میں ہونا چاہیئے کہ انڈین فیڈریشن آف چیمبرز کا سیٹ اپ ایف پی سی سی آئی کے مقابلے میں بہت پرانا ہے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی نے کاروباری برادری اور ایوان اقتدار کے درمیان خلا کو پرکرکے بزنس کمیونٹی کو باعزت اور باوقار مقام دلانے کیلئے سخت محنت کی ہیاور خدمت کا یہ سفر ابھی جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے تاجر اور چیمبرز یو بی جی کے دست وبازو ہیں اور ان کی حمایت کے بغیر گروپ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی تاجروں اور کاروباری برادری کے واحد نمائندہ پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ مخالفین اس گروپ سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی تمام تاجروں اور کاروباری برادری کی حتمی منزل ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر الیاس بلور نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اس وقت وجود میں آیا جب تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں تباہی سے دوچار سے تھیں، منصوبہ بندی کا فقدان تھا اور سرمایہ کاروں کی پذیرائی نہیں تھی، ان ناگفتہ بہ حالات میں یوبی جی نے حکومت کے ساتھ مل کر کام شروع کیا اور ملک کی صنعتی اور تجارتی ترقی کی موجودہ سطح تک پہنچانے کے لئے ان تھک محنت کی ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر طفیل نے کہا کہ ایف پی سی سی نے ہمیشہ تمام حکومتوں کے ساتھ تجارتی اور صنعتی ترقی میں حائل مشکلات کو اٹھایا ہے اس کی تجاویز پر حکومتوں نے اس ضمن میں اقدامات اٹھائے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں ادریس نے کہا کہ توانائی اور گیس کی قلت کے باوجود ملکی صنعت نے ایف پی سی سی آئی کی مکمل حمایت کی وجہ سے بھی ترقی کی منازل طے کی ہیں۔

ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر عبدالرئوف عالم نے کہا کہ کاروباری برادری نے پورے ملک میں قائم کاروباری اداروں کو تشکیل دینے اور مضبوط کرنے کے لئے ان تھک محنت کی ہے تاکہ بزنس کمیونٹی کی آواز کو مؤثر بنایا جاسکے۔ سابق صدر سیالکوٹ چیمبر ریاض الدین نے کہا کہ افتخار علی ملک سارک خطے میں کاروباری برادری کا درخشندہ ستارہ ہیں اور انہوں نے پوری زندگی تمام اخراجات اپنی جیب سے کئے اور سفر اور رہائش سمیت کبھی کوئی مالی مفاد نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور ایف پی سی سی آئی حکومتی پالیسی سازی کے عمل میں رہنمائی جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی ملک بھر میں کاروباری برادری کی صفوں میں اتحاد کو نقصان پہنچانے اور انہیں ہراساں کرنے والے عناصر کے کسی دباؤ میں نہیں آئے گا اور بھر پور طریقے سے بزنس کمیونٹی کی خدمت جاری رکھے گا۔