Live Updates

تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اجلاس، خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے حمایت اللہ اور اعجاز قریشی کے نام منظور

پنجاب میں ناصر کھوسہ کی بطور نگران وزیراعلی نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ، پارلیمانی بورڈز کے اجلاس منعقد کرنے، ٹکٹوں کے اجراء کا عمل شروع کرنے پر اتفاق

بدھ 30 مئی 2018 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلی کیلئے حمایت اللہ اور اعجاز قریشی کے ناموںکی منظوری دیدی ہے جبکہ پنجاب میں ناصر کھوسہ کی بطور نگران وزیراعلی نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بدھ کو تحریک انصاف ک مرکزی قائدین کا اہم اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے حمایت اللہ اور اعجاز قریشی کے ناموں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب میں ناصر کھوسہ کی بطور نگران وزیراعلیٰ نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کی بھرپور تحسین کرتے ہوئے انضمام پر فاٹا کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں الیکشن کمیشن سے فاٹا میں انتخابات کی تیاریاں کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیاہے۔

اجلاس میں اس مؤقف پر اتفاق کیا گیا کہ بہتر ہو گا اگر الیکشن کمیشن فاٹا میں انتخابات کی تاریخ مقرر کر دے۔ ترجمان کے مطابق تحریک انصاف انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ارشد داد کو ضلعی سطح پر مصالحتی کمیٹیوں کے قیام کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ پارلیمانی بورڈز کے اجلاس منعقد کرنے اور ٹکٹوں کے اجراء کا عمل شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں ٹکٹوں کی تقسیم سے پیدا ہونے والے ممکنہ تنازعات کے حل کیلئے حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات