چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا گارڈن ٹائون رمضان بازار اور اوپن مارکیٹوں کا دورہ

کم تولنے ،گراں فروشی پر8دکاندار گرفتار ،5کو بھاری جرمانے ،40کو وارننگ نوٹسز رمضان بازاروں ، اوپن مارکیٹوں کے دوروں کی وجہ سے عوام کو ریلیف ملا ہے ‘ میاں عثمان

بدھ 30 مئی 2018 19:20

لاہور۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے گارڈن ٹائون رمضان بازار اور اوپن مارکیٹوں کا اچانک دورہ کرکے اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا،گراں فروشی اور کم تولنے والے 8دکانداروںکو ایف آئی آر کا اندراج کرا کے گرفتار ،5کو بھاری جرمانے جبکہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اور معمولی گراں فروشی میں ملوث 40دکانداروں کو وارننگ نوٹس جاری کئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے انتظامیہ کے افسران اور عملے کے ہمراہ گارڈن ٹائون رمضان بازار کا دورہ کرکے تمام سٹالز کا تفصیلی جائزہ لیا اور خریداری کیلئے آنے والوں سے بھی قیمتوں اور معیار بارے آگاہی حاصل کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کئی دکانداروں سے ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاںکرائی گئی جبکہ دو سٹالز سے ناقص پھل اور سبزیاں فوری قبضہ میں لے کر تلف کرا دئیے گئے ۔

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے گارڈن ٹائون رمضان بازار میں اشیائے خوردونوش کے معیار اور قیمتوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔ علاوہ ازیں اوپن مارکیٹوں کے دورہ کے موقع پر ڈیپارٹمنٹل ،جنرل سٹورز، پھلوں، سبزیوں اور گوشت کی دکانوں پر جا کر سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت اور معیار کاجائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کئی دکانوں پر تول بھی چیک کی گئی ۔

گراں فروشی اورکم تولنے میں ملوث 8دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کر اکے موقع سے ہی گرفتار جبکہ 5کو ہزاروں روپے جرمانے کئے گئے ۔ چیئرمین پی سی سی نے ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے او ر معمولی گراں فروشی میں ملوث 40دکانداروں کی سر زنش کرتے ہوئے وارننگ نوٹس جاری کئے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ ناجائز منافع خور کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں قانون کے مطابق کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹوں کے دوروں کی وجہ سے عوام کو ریلیف ملا ہے جو وزیر اعلیٰ پنجاب ،کمشنرلاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کے وژن کی تکمیل ہے۔

متعلقہ عنوان :