جماعت اسلامی کے تحت پانی کی قلت کے خلاف جمعرات کو ایم ڈی واٹر بورڈ کے آفس پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا

بدھ 30 مئی 2018 21:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) شدید گرمی کے موسم اور رمضان کے ماہ مبارک میں پانی کی شدید قلت ، شہر کے بیشتر علاقوں میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی اور حکومت و واٹر بورڈ کی مجرمانہ غفلت ولاپرواہی کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت جمعرات کو واٹر بورڈ کے ایم ڈی آفس کے باہر شاہراہ فیصل کارساز پر زبردست احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

دھرنے میں شہر بھر سے پانی سے محروم شہری اور عوام بڑی تعداد میں شرکت کرے گی۔ جماعت اسلامی کی جانب سے دھرنے کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ دھرنے کے شرکاء کے لیے شاہراہ فیصل پر ہی افطاراور تراویح کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن دھرنے کی قیادت اور خطاب کریں گے اور شہر میں پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

دھرنے میں شہر بھر سے عوا م کی بڑی تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظاما ت کیے گئے ہیں۔ جماعت اسلامی کے امراء اضلاع و امراء زونز ، پبلک ایڈ کمیٹی اور جے آئی یوتھ کے ذمہ داران کی قیادت میں عوام قافلوں اور جلوسوں کی شکل میں شاہراہ فیصل پہنچیں گے ،شاہراہ فیصل کارساز پر کیمپ قائم کردیا گیا ہے اور شدید گرمی اور ہیٹ ویوز کے پیش نظر ٹھنڈے پانی کا خصوصی طور پر بندوبست کیا گیا ہے۔

دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دھرنے کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شاہراہ فیصل کارساز پر واٹر بورڈ ایم ڈی آفس پر پہنچیں تاکہ عوام کی بھرپور قوت کا اظہار ہوسکے۔ کراچی میں پانی کی قلت کے خلاف شہر میں جگہ جگہ عوام سراپا احتجاج ہیں اور سڑکوں پر مظاہرے کررہے ہیں۔

ہم متاثرہ علاقوں کے مکینوں اور پانی سے محروم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جمعرات کے روز سب مل کر ایک دن اور ایک جگہ بھرپور احتجاج کریں۔ انہوں نے کہاکہ دھرنے کا مقصد حکومت اور واٹر بورڈ کے ذمہ داران کو شہریوں کے اس اہم اور بنیادی مسئلے کی طرف توجہ مبذو ل کرانا اور اس کے حل کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کرنے پر مجبور کرنا ہے۔ شہر میں پانی کی قلت حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے اور صوبائی و مقامی حکومتوں اور واٹربورڈ کی نااہلی او ر ناقص کارکردگی میں کوئی بہتری نہیں آرہی۔ جماعت اسلامی جس طرح کے الیکٹرک کے خلاف عوا م کی آواز بنی ہے ،پانی کے مسئلے پر بھی عوام کی ترجمان بنے گی اور مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھے گی۔ #