کوہاٹ پولیس نے مسافروں سے بد تمیزی کرنے پر فلائنگ کوچ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا

جمعرات 31 مئی 2018 23:49

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) کوہاٹ پولیس نے اضافی سواریاں بٹھانے اور مسافروں سے بد تمیزی کرنے پر فلائنگ کوچ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کوہاٹ سے پشاور تک چلنے والی مسافر فلائنگ کوچز میں گنجائش سے زیادہ اضافی سواریاں بٹھانے اور مسافروں سے ہتھک آمیز رویہ اختیا کرنے والے ڈرائیوروں خصوصاً سوشل میڈیا پر چلنے والی ایک ویڈیو میںاضافی سواریاں بٹھاکر مسافروں سے بدتمیزی کرتے دکھائے گئے فلائنگ کوچ ڈرائیور کے خلاف فوری کاروائی کا حکم دیدیا ۔

ضلعی پولیس سربراہ کے ان احکامات کی روشنی میں ٹریفک انچارج محمد وقاص نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فی الفور کارروائی کرتے ہوئے کوہاٹ پشاور بائی پا س روڈ پر واقع فلائنگ کوچ اڈے پر اچانک چھاپہ مارا جہاں سے قانون شکنی کے مرتکب ملزم اسماعیل خان ولد بہرام خان ساکن پشاور کوفلائنگ کوچ گاڑی سمیت گرفتار کر کے ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں بند کردیا اور بعدازاں انہیں ٹریفک قوانین کے تحت چالان کرکے ان پربھاری جرمانہ عائد کردیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے پولیس افسران کو تاکید کی ہے کہ وہ مسافر گاڑیوں میں اضافی سواریاں بٹھانے اور ڈرائیوروں کی جانب سے مسافروںکیساتھ چھیڑ چھاڑ اور بد تمیزی کے عوامل کی حوصلہ شکنی کے سلسلے میں جامع اقدامات کو یقینی بنائیں۔ضلعی پولیس سربراہ نے رمضان المبارک اور خصوصاً عید الفطر کی آمد کے سلسلے میں ٹرانسپورٹ اڈوں میں بڑھتے ہوئے رش کے پیش نظر مسافروں کو معیاری سفری سہولیات مہیا کرنے کے حوالے سے اڈوں کے منتظمین اور مسافرگاڑیوں کے ڈرائیوروں کو اخلاقیات اور قواعد و قوانین کا پابند بنانے کی بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ عید کے ایام میں مسافروں سے زیادہ کرایہ و صول کرنے کے خلاف بھی مئوثر کاروائی کرکے گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو سرکاری کرایہ نامہ پر عملدرآمد کرنے کا پابند بنایا جائے۔