سیکڑوں منصوبوں کا نامکمل ہونا پیپلز پارٹی کے عوام کے ساتھ مخلص نہ ہونے کی ناقابل تردید مثال ہے،خرم شیر زمان

جمعرات 31 مئی 2018 17:09

سیکڑوں منصوبوں کا نامکمل ہونا پیپلز پارٹی کے عوام کے ساتھ مخلص نہ ہونے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سابق پارلیمانی لیڈرخرم شیر زمان نے کہا ہے کہ دس سال میں پی پی کی سندھ حکومت نے ایک بھی یادگار کام نہیں کیا۔ رنگ برنگے میٹروبس منصوبے بنا کر انہیں درمیان میں چھوڑ کرکراچی کو ٹرانسپورٹ منصوبوں کا قبرستان بنا دیا گیا۔

یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں کارکنان و عہدیداران سے بات چیت کے دوران کہیں۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی لیبر ونگ کے صدر سربلند خان، پی ٹی آئی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات شہزاد قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دس سال کسی بھی سیاسی پارٹی کے اقتدار کے لیے بہت قابل قدر عرصہ ہوتا ہے لیکن پیپلز پارٹی نے عوام کا کوئی خیال نہیں کیا۔

(جاری ہے)

منصوبے بنائے، ان پر کام شروع کیا، پیسے بٹورے اور کام ادھورا چھوڑ کر فرار ہو گئی۔ سینکڑوں منصوبوں کا نامکمل ہونا پیپلز پارٹی کے عوام کے ساتھ مخلص نہ ہونے کی ناقابل تردید مثال ہے۔ پانچ سو سے زائد اسکولوں کو اًپ گریڈ کرنے کی منظوری تو دی گئی لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا گیا۔ پیپلز پارٹی عوام کو تعلیم کے میدان میں ترقی کرتے ہوئے نہیں دیکھ سکتی تھی۔

اس لیے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دعوے ریت کا ڈھیر ثابت ہوئے اور قیادت عوام کے دس سال ضائع کرکے مال بٹور کر چلتی بنی۔ سندھ کے عوام کو چاہئے کہ اپنی سیاسی سوجھ بوجھ پیپلز پارٹی پر انہیں ووٹ نہ دے کر ثابت کریں۔ سندھ کے ٹھیکیدار سندھ کے عوام کے غدار ثابت ہوئے۔ انہیں ان کی غداری کی سزا ضرور ملے گی۔ پاکستان تحریک انصاف عوام کی پسندیدہ اور مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ ہم سندھ کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں گے اور اقتدار میں آکر سندھ کی محرومیاں ختم کردیں گے۔