رینجرز کی کارروائیاں، 8 ملزمان گرفتار، اسلحہ و منشیات برآمد

جمعرات 31 مئی 2018 22:13

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نیو کراچی کے علاقے میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم فہیم عرف ماموں کو گرفتار کیا جبکہ ماڑی پور میں رینجرز کی کارروائی میں 2 ملزمان حیدر عرف نعمان عرف نومی اور محمد اسماعیل عرف کانا میل کو گرفتار کیا۔

تینوں ملزمان کو تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ فریئر، صدر اور بوٹ بیسن کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان حسن خان، شبیر احمد لمبا اور زاہد قریشی عرف شاہد کو گرفتار کیا۔ علاوہ ازیں درخشاں اور ڈیفنس کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 2 ملزمان محمد اقبال عرف بالا اور سلمان اقبال عرف سلو کو گرفتار کیا گیا جو کہ منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کی گئیں۔ تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔