سپریم کورٹ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی ختم کر دی

جسٹس عمر بندیال نے مختصر فیصلہ سنایا ‘تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائیگا‘خواجہ آصف نے اقامہ کی بنیاد پر نااہل قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی تھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اپریل کو تحریک انصاف کے عثمان ڈار کی درخواست پر خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف‘ (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف کی خواجہ آصف کو مبارکباد

جمعہ 1 جون 2018 14:50

سپریم کورٹ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی ختم کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف اپیل پر فیصلہ دیتے ہوئے ان کی اپیل منظور کرلی اور ان کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا‘خواجہ آصف نے اقامہ کی بنیاد پر نااہل قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی تھی‘اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اپریل کو تحریک انصاف کے عثمان ڈار کی درخواست پر خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف‘ (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف نے خواجہ آصف کو مبارکباد دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اورجسٹس سجادعلی شاہ پرمشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف نظرثانی اپیل پر محفوظ کیا ہوا فیصلہ سٴْنا دیا۔سپریم کورٹ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا جس کے بعد ان کی تاحیات نااہلی بھی ختم ہو گئی۔

جسٹس عمر بندیال نے مختصر فیصلہ سنایا اور تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔ خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے اقامہ کی بنیاد پر نااہل قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی تھی۔ دوران سماعت تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کے وکیل سکندر بشیر مہمند نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کی مدت بطور کابینہ ممبر کا ریکارڈ جمع کروایا ہے اور ان کا حلف بطور وزیر دیکھ لیا جائے۔

وکیل نے کہا کہ حلف یہ اٹھایا کہ وہ ذاتی مفاد کو خاطر میں نہیں لائیں گے لیکن وہ وزیر ہوتے ہوئے بیرون ملک ملازم بھی رہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور کہا کہ اگر کسی نتیجے پر پہنچ گئے تو آج ہی فیصلہ سنا دیں گے۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اپریل کو تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔