سعودی حکومت اور عوام نے ہر مشکل گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا،

مولانا ہدایت الله شاہ

جمعہ 1 جون 2018 14:54

مانسہرہ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) جمعیت علماء اسلام ضلع ما نسہرہ کے امیر صدر متحدہ مجلس عمل سابق سینیٹر مولانا سید ہدایت الله شاہ نے کہا ہے کہ سعودی حکومت اور عوام نے ہر مشکل گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑا، سعودی عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور سعودی عوام و حکومت نے ہمیشہ بھائی چارے کی فضاء قائم کی ہے، پاکستانی عوام کبھی بھی ان کی خدمات کو بھول نہیں سکتی، سعودی عوام پاکستانی عوام میں اخوت اور محبت کا رشتہ ہے، اس کو کوئی بھی نہیں توڑ سکتا۔

وہ جمعہ کو رابطہ عالم اسلامی اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار ریلیف ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام یوم یتیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی سعودی عوام اور پاکستانی عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے، یتیموں کی خدمت کرنے سے الله تعالیٰ راضی ہوتے ہیں جو یتیم کے سر پر ہاتھ رکھتے ہیں وہ کامیاب لوگ ہیں، ہم رابطہ عالم اسلام انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل عبدہ محمد ابراہیم عتین اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ہمارے علاقہ میں رفاعی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، جب ہمارے علاقے مانسہرہ میں قیامت خیز زلزلہ آیا تو رابطہ عالم اسلامی انٹرنیشنل اسلامک ریلیف نے بڑھ چڑھ کر متاثرین زلزلہ کی خدمت کی جس کی دنیا میں نظیر نہیں ملتی ہے، پوری دنیا میں انسانیت کی خد مت کر رہے ہیں، بلاتفریق انسانیت کی خدمت کرنا بہت بڑا اجر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں سعودی کی جانب سے ایک بہت بڑا ہسپتال کنگ عبدالله کے نام سے تعمیر کیا اور بھیرکنڈ میں ایک یتیم خانہ اور دارالبرائم کے نام سے سعودیہ کی دو عظیم نشانیاں ہیں، مانسہرہ کی عوام سعودی حکومت عوام کا خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔