معروف سماجی رہنما ایازموتی والا نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا

جمعہ 1 جون 2018 16:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے کراچی کے دو صوبائی حلقوں سے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے مجھے مختلف پارٹیوں کی جانب سے شمولیت کی دعوت بھی دی گئی ہے مگر میںنے اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ میں کراچی سے آزاد حیثیت سے ہی الیکشن میں حصہ لوں گا ، ہماری شناخت عوام سے ڈھکی چھپی نہیں ہے کیونکہ میں نے ہر دور میں ہر ایشو پر عوام کے لیے آوازاٹھائی ہے ۔

الیکشن کس حلقے سے اور کس نشان پر لڑونگا تفصیلات جلد ہی میڈیا کے زریعے عوام کودی جائینگی ۔ کراچی تاجر الائنس ڈیفنس آفس میں عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک اس وقت کی ترقی کرسکتا ہے جب تک اسے ایماندار اور وفادار قیادت کا تحفہ نہ مل جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیدا گیر سیاستدانوں کی وجہ سے عوام کی ایک بڑی اکثریت ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے ہی نہیں نکلتی ہے ، اور یہ حقیقت ہے کہ جب تک پڑھا لکھا اور ایماندار طبقہ پالیسی و قانون ساز اداروں میں کو نہیں سنبھال لیتا ہم ترقی پزیر ممالک کی فہرست سے کبھی نہ نکل سکیں گے ،لہذا اس بار امید ہے کہ عوام ایماندارلوگوں کو ہی منتخب کرینگے ۔

ا نہوںنے کہاکہ کامیاب ہوکر عوام کی جان سیاسی قبضہ مافیا سے چھڑوائیں گے ، اسمبلی میں پہنچ کر عوام کے لیے صاف پانی ،صحت اور روزگار کا مقدمہ لڑونگا اور عوام کی خدمت میں اپنا سب کچھ لٹا دونگا ۔ انہوںنے کہا کہا کہ بدعنوان سیاستدانوں کی وجہ سے چالیس لاکھ سے زائد پڑھے لکھے نوجوان نوکریوں سے محروم ہیں ۔بڑے بڑے زمینداروں کی بجائے پڑھے لکھے کسانوں اور مزدوروں کو اسمبلی میں لانا ہوگا ۔

انہوںنے کہاکہ عام آدمی پاکستان اور میرے چاہنے والے ووٹر زپورے پاکستان میں موجو دہیں جن کو کہا جائے گا کہ وہ ایماندار اور محب وطن امیدواروں کو ووٹ دیں چاہے ان کا تعلق کسی بھی سیاسی یا غیر سیاسی پلیٹ فارم سے ہو کیونکہ جب تب ایماندار قیادت ملک بھر سے کامیاب ہوکر اسمبلیوں میں نہیں پہنچ جاتی ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ایک خواب ہی بنا ر ہے گا۔