Live Updates

ریحام خان کو کتاب لکھنے پر دھمکیاں موصول ہونا شروع

کتاب لکھنے پر دھمکیوں سے متعلق پولیس سے رجوع کروں گی۔ ریحام خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 جون 2018 12:54

ریحام خان کو کتاب لکھنے پر دھمکیاں موصول ہونا شروع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 جون 2018ء) : پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان کو کتاب لکھنے پر دھمکیاں موصول ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو میرے خلاف تشدد پر اُکسایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب لکھنے پر مجھے دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں، موصول ہونے والی دھمکیوں سے متعلق پولیس سے رجوع کر رہی ہوں۔

کچھ دیر قبل ایک اور ٹویٹر پیغام میں ریحام خان نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر موجود مافیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے گذشتہ روز مفت میں ٹویٹر پر میری کتاب کو پروموٹ کر دیا۔
خیال رہے کہ ریحام خان کی کتاب سے متعلق پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے نئے انکشافات کیے ہیں۔

(جاری ہے)

جس میں حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ ریحام خان کی کتاب میں عمران خان کو دنیا کا سب سے بڑا شیطان اور شہباز شریف کو زبردست انسان کہا گیا۔

حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ ریحام خان کی کتاب میں پی ٹی آئی کے دھرنے کو اسٹیبلشمنٹ کا منصوبہ قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ 75 فیصد کتاب ناقابل بیان ہے اور اسے کسی طور بیان نہیں کیا جا سکتا۔ حمزہ نے بتایا کہ ریحام خان کی کتاب میں شہباز شریف کی بہت تعریفیں کی گئی ہیں۔ ٹویٹر پیغام میں حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ کتاب کے متن کا خلاصہ یہ ہے کہ عمران خان دنیا کے بد ترین اور ذلیل ترین آدمی ہیں، اور ریحام خان صاحبہ دنیا کی بہترین خاتون بھی ہیں اور دنیا کی بہترین ماں بھی ہیں.
حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ریحام خان کی کتاب کے متن کا مجھ تک پہنچنا ایک راز ہے تاہم نامور پبلشر نے ریحام خان کی کتاب کو شائع کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ریحام خان کی کتاب سے متعلق نئے انکشافات کے بعد مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات