Live Updates

مریم نواز کی سوشل میڈیا ٹیم کو سرکاری خزانے سے تنخواہیں دئے جانے کا انکشاف

سوشل میڈیا ٹیم کے سینکڑوں ملازمین کو کروڑوں روپے کی تنخواہیں دی گئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 جون 2018 14:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 جون 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی سوشل میڈیا ٹیم کو سرکاری خزانے سے تنخواہیں دئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے قومی خزانے سے مریم نواز کی سوشل میڈیا ٹیم کو تنخواہوں کی مد میں کروڑوں روپے فراہم کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

وفاقی حکومت نے قومی خزانے کے بے دریغ استعمال اور لُوٹ مار کی تحقیقات نیب سے کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مریم اورنگزیب نے سرکاری مشینری اور خزانے کو پارٹی کے پراپیگنڈہ کے لیے استعمال کیا، جس کی واضح مثال مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم میں شامل 150 ملازمین کو کروڑوں روپے کی تنخواہیں فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا ٹیم مریم نواز کی ہدایات پر کام کر رہی تھی ۔

میڈیا ٹیم کو وزارت اطلاعات کے ذیلی ادارہ پی آئی ڈی میں دفاتع دئے گئے جو کہ مسلم لیگ ن کے حق میں اور اپوزیشن کے خلاف پراپیگنڈہ کے طور پر کام کرتی رہی۔ سوشل میڈیا ٹیم کو تنخواہوں کی ادائیگی وزارت اطلاعات کے اکاؤنٹس سے کی جاتی رہی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزارت اطلاعات نے وزارت خزانہ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے اور ذاتی مفادات کے لیے خزانے کا بے دریغ استعمال کرنے کے خلاف آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا جبکہ معاملے کی تحقیقات نیب سے کروائی جائیں گی تاکہ قومی مجرموں کو بے نقاب کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ مریم نواز کی سوشل میڈیا ٹیم پر سوالات اُٹھائے گئے تھے، سوشل میڈیا پر مریم نواز کی سوشل میڈیا ٹیم کو قومی خزانے سے تنخواہیں دینے کا انکشاف پہلے بھی ہوا تھا لیکن اس ضمن میں کوئی انکوائری یا کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات