جے یوآئی جیکب آباد کی جانب سے افطار ڈنر، سیاسی، مذہبی، سماجی تنظیموں، ٹریڈ یونین کے رہنماؤں اورشہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

صبر،برداشت اور غمگساری کے اس ماہ میں حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد پر بھی عمل کریں اور اپنے رشتہ داروں، پڑوسیوں، اردگرد کے لوگوں اور ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھیں،عبداللہ پہوڑ

ہفتہ 2 جون 2018 16:42

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) جے یوآئی جیکب آباد کی جانب سے جامعہ قاسم العلوم میں دیئے گئے افطار ڈنر میں شہرکی سیاسی، مذہبی، سماجی تنظیموں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی شہید بھٹو، متحدہ مجلس عمل، ٹریڈ یونین کے رہنماؤں اورشہریوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جے یوآئی جیکب آباد کی جانب سے شہرکی مذہبی، سیاسی، سماجی تنظیموں اورشہریوں کے اعزاز میں جامعہ قاسم العلوم میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، افطار ڈنر میں پیپلز پارٹی کے میرنثار خان کھوسو، تحریک انصاف کے میر راجہ خان جکھرانی، راز خان پٹھان، جماعت اسلامی کے دیدارعلی لاشاری، پیپلز پارٹی(شہید بھٹو) کے ندیم قریشی، ٹریڈ یونین کے منصب خان شیخ سمیت شہریوں اورجے یو آئی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی صوبہ سندھ کے جوائنٹ سیکریٹری اور متحدہ مجلس عمل کے رہنما مولانا عبداللہ پہوڑ نے کہاکہ رمضان المبارک اللہ کی رحمتوں کے سیزن کا مہینہ ہے اس ماہ میں انسان کی عبادت کا صلہ ستر گنا بڑھادیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ اللہ نے اپنے محبوب کو دین اسلام کو دنیا میں مکمل طور پر نافذ کرنے کے لئے بھیجا نماز، روزہ، حج، زکوات اور دیگر عبادات دنیا میں دین کے نفاذ کی مشقیں ہیں اور روزہ ان تمام عبادات کا سردار ہے جو خالص اللہ کیلئے ہے اور اسکا اجر اللہ پاک بندے کو خود دیں گے انہوں نے کہا کہ روزہ انسان کی تمام باطنی غلاظتوں کو دھوکر صاف کردیتاہے اور انسان جب اندر سے پاک صاف ہوجاتا ہے تو وہ اللہ کا مقرب بندہ بن جاتا ہے، اسکی دعائیں قبول ہوتی ہیں. انہوں نے لوگوں پر زور دیاکہ صبر،برداشت اور غمگساری کے اس ماہ میں حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد پر بھی عمل کریں اور اپنے رشتہ داروں، پڑوسیوں، اردگرد کے لوگوں اور ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھیں،انہوں کہا کہ جس طرح اس مہینے میں نیکی کا اجر بڑھادیاجاتا ہے اسی طرح اس مہینے میں گناہ کا عذاب بھی زیادہ ہے، اس لیے اس کریم ماہ میں کسی پر ظلم کرنا، مصنوعی مہنگائی،منافع خوری، ذخیرہ اندوزی، جھوٹ، دھوکہ دہی، رشوت، شراب وزنا کے مرتکب لوگ اللہ کے دردناک اور دوگنے عذاب میں مبتلا ہونگے، اس لیے اس مہینے میں خصوصی طور ان گناہوں سے بچناہر مسلمان پراولین فرض ہے، انہوں نے کہا کہ اس مہینے میں انسان نیکی کرنے اور گناہ سے بچنے کی کوشش کرتا ہے جو اسے تیس دنوں میں ان چیزوں کا عادی بنادیتی ہے، جس سے بندہ پرہیزگار بن جاتا ہے اور یہی پرہیزگاری اسے باقی مہینوں میں گناہ کرنے سے روکتی ہے جوکہ روزے کا اصل فلسفہ ہے، افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی ضلع جیکب آباد کے سینیئر نائب صدر حافظ میر محمد بنگلانی نے کہا کہ رمضان اللہ کی طرف سے مومنوں کے لیے ایک تحفہ اور انعام ہے جب بندہ اللہ کے حکم کی تعمیل میں کھانا پینا چھوڑ دیتا تو اللہ فرشتوں کو بلا کر روزہ دار کی اس تابعداری پر ان کو رشک دلاتا ہے، روزہ دار کے لیے اللہ کی تمام مخلوق حتیٰ کہ سمندر کی مچھلیاں بھی مغفرت کی دعائیں کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ رمضان کی فضیلت دیگر تمام عبادات پر حاوی ہے کیونکہ یہ اللہ اور اسکے بندے کے درمیان ایک مخفی معاہدہ ہے اس عبادت کی روح پرہیزگاری ہے، افطار پرگرام سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی جیکب آباد کے جنرل سیکریٹری مولانا نصراللہ گھنیو،جامعہ قاسم العلوم کے ناظم اعلی درمحمد ڈول، عبدالرحمان مہر،قاری محمودمہر،حافظ محمد رمضان سومرو،مولانا عبدالوحید پہوڑ، مفتی عبداللہ کھوسو،مولاناحامد حیدری،مولانامنیر،احمد سومرو، قاری محمد اسلم بنگلانی ودیگر نے کہا کہ رمضان کے مہینے کا دیگر گیارہ مہینوں سے گہرا تعلق ہے جس انسان کا رمضان عبادات اور اللہ کو منانے میں گزرا اسکے سال کے باقی گیارہ مہینے اطمینان اور سکون سے گزریں گے، جس نے رمضان کی برکتوں کو پالیا اس نے تمام رحمتیں اور برکتیں سمیٹ لیں اور جو رمضان کی برکتوں سے محروم رہا وہ تمام خیرسے محروم ہوگیا انہوں نے کہا کہ رمضان اللہ کو راضی کرنے کا مہینہ ہے اور جس گناہ گار بندے نے یہ موقعہ جانے دیا وہ کائنات کا بدقسمت ترین انسان ہے، انہوں نے کہا کہ اللہ نے روزہ، نزول قرآن، تراویح اور لیلة القدر سب اس ایک مہینے میں رکھے ہیں جو اس ماہ کو دیگر تمام مہینوں سے افضل بنا دیتے ہیں اور اللہ نے اپنے گناہ گاربندوں کی بخشش کا پیکیج اسکے تین عشروں رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات میں رکھ دیا ہے آخر میں کشمیر، فلسطین، شام، عراق لبنان، برما، افغانستان ودیگر مسلم ممالک کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی بھی کی گئی۔