پاکستان پیپلز پارٹی سٹی سکھر کے زیر اہتمام یونین کمیٹی نمبر 10 میں افطار ڈنر، پیپلز پارٹی کارکنان کی شرکت

ہفتہ 2 جون 2018 16:43

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سٹی سکھر کے زیر اہتمام یونین کمیٹی نمبر 10 میں پر ہجوم افطار ڈنر جس میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے شرکت کی، خطاب کرتے ہوئے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ سابق رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ نے پانچ سال تک عوام کی خدمت کی ہے اور شہر کے لئے زیادہ سے زیادہ ترقیاتی فنڈ حاصل کئے ، آج ہم یو سی 10 میں پایا تکمیل تک پہنچ جانے والی اسکیموں کی نقاب کشائی کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان شہید بینظیر بھٹواور بلاول بھٹو سے محبت کرتے ہیں اور ان کے جیالے ہیں جبکہ سیاسی رہنمائوں کا کام لوگوں کی رہنمائی کرنا ہے نا کہ لوگوں کو ورغلا کر حقائق سے انحراف کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں تمام ترقیاتی کام ہم نے کروائے ہیں لیکن یو سی چیئرمین ہمارے کاموں کو اپنے ناموں سے متعارف کرارہا ہے جو سب سے بڑا جھوٹ ہے ، ہم آج ان اسکیموں کی تفصیلات بھی لیکر آئے ہیں اور میں حلفیہ کہتا ہوں کہ ہم نے اس علاقے میں تمام ترقیاتی کام کرائے ہیں اور یہ سلسلہ انشاء اللہ جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

سابق رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ نے کہا کہ مشکور ہوں کہ اتنی بڑی تعداد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے شرکت کی ہے گو کہ حکومت ختم ہوگئی ہے لیکن ہماری کارکردگی ہمارے یہ ترقیاتی کام ہیں ، انتخابات کے لئے لوگ جھوٹے نعرے لگائیں گے ، جھوٹ بولیں گے، جھوٹے دعوے کریں گے اور بے بنیاد الزامات بھی لگائیں گے ، آپ خود ان کا تجزیہ کریں اور سچ اور جھوٹ میں امتیاز کریں ، انہوں نے کہا کہ میئر نے کلمہ پڑھ کر بات کی ہے کہ ہم جھوٹ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ۔

صدر سٹی سکھر مشتاق سرہیو نے میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ اور نعمان اسلام شیخ کا اس علاقے میں ترقیاتی کام کرانے اور مسائل حل کرنے اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو اہمیت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا،۔ اس موقع پر خاتون کونسلر سمیت کئی لوگوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔ بعد ازاں یو سی 10 کے مختلف وارڈز میں کئے جانے والے کاموں کی نقاب کشائی کی گئی ، پروگرام کے دوران پیپلز پارٹی کے جیالوں نے جئے بھٹو اور پارٹی رہنمائوں کے حق میں نعرے بازی کی ، بعد ازاں ان رہنمائوں نے ان علاقوں کا دورہ کیا جہاں قدم قدم پر لوگوں نے ان کا استقبال کیا ، انہوں نے بعض جگہ وفات پا جانے والے کارکنوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا ۔

افطار ڈنر میں سکھر میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین ‘ وائس چیئرمین ، پارٹی عہدیداروں ‘ کارکنوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔