حفاظتی ٹیکوں کا توسیعی پروگرام (ای پی آئی) صحت کے نظام کا اہم ترین جزو ہے، شیخ انصر عزیز

ہفتہ 2 جون 2018 17:19

حفاظتی ٹیکوں کا توسیعی پروگرام (ای پی آئی) صحت کے نظام کا اہم ترین جزو ..
اسلام آباد ۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ حفاظتی ٹیکوں کا توسیعی پروگرام (ای پی آئی) صحت کے نظام کا اہم ترین جزو ہے کیونکہ یہ بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد( ایم سی آئی )کا ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ ویکسینیٹرز شہر کے ہر گھر میں ہر بچے تک پہنچیں تاکہ ہم آنے والی نسل کو صحت مند بنا سکیں۔

اس مقصد کے لیے ایم سی آئی کی یہ کوشش ہے کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی خصوصی تربیت کی جائے اور انکو حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنونشن سینٹر میں ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام منعقدہ آگاہی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری اور ڈی جی ہیلتھ سروسز ایم سی آئی ڈاکٹر حسن عروج کے علاوہ ڈبلیو ایچ او کے نمائندے موجود تھے جبکہ شہر سے تعلق رکھنے والی250 سے زائد علماء کرام ،مساجد کے خطیب ،اساتذہ، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، نائب چیئرمین ،کونسلروں اور دیگر منتخب نمائندوں نے بھی اس آگاہی ورکشاپ میں شرکت کی ۔

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ انسانی صحت پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میں اساتذہ کرام، علماء کرام ،سول سوسائٹی ، منتخب بلدیاتی نمائندوں کا تہہ دل سے شکر یہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس ورکشاپ میں حصہ لیا اور میں امید کرتا ہوں کہ وہ ایم سی آئی کی اس کاو ش کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کو ای پی آئی کی مفت فراہم کردہ خدمات سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لیے آگاہی فراہم کریں تاکہ وہ اپنے بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگوا کر نہ صرف متعدد امراض سے محفوظ رکھ سکیں بلکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر ایم سی آئی کے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو عملی طور پر صحت کے پروگراموں میں شامل کرنا ایک احسن قدم ہے کیونکہ مستقبل میں درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر کام کریں اور اسلام آباد کو ایک صحت مند شہر کا درجہ دلا سکیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر حسن عروج نے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے اسلام آباد کو صحت مند شہر بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہے کہ کمیونٹی کے ساتھ روابط کو مستحکم کیا جائے تاکہ ہر بچے کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سلطان اعظم تیموری، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندوں اور دیگر ماہرین نے بھی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کیا۔