ازبکستان پاکستان سے اقتصادی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے، ازبک سفارتکار

پاکستانی تاجر وں کیلئے ویزا کا حصول آسان بنا دیا گیا ہے،دونوں ممالک محصولاتی و غیر محصولاتی رکاوٹیں ختم کر رہے ہیں،از بک سفارتکاروں جیسور سید احمدوف اور شوکت زریپوف کی پاکستانی تاجروں سے گفتگو

ہفتہ 2 جون 2018 20:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) ازبکستان پاکستان سے اقتصادی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے اور اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کو تیار ہے۔ پاکستان کی تاجر برادری کیلئے ویزا کا حصول آسان بنا دیا گیا ہے۔وہ گھر بیٹھے آن لائن ویزا فارم بھر کر ایک دن کے اندر اندر ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔ازبکستان اعلی کوالٹی کا الیکٹرانکس کا سامان، گاڑیاں، ٹرک، بھاری مشینری اور زرعی آلات بنانے کیلئے مشہور ہے اور یہ اشیاء پاکستان برامد کی جا سکتی ہیں جبکہ پاکستانی اور ازبک تاجر جائنٹ وینچرزکے زریعے انھیں پاکستان میں بھی تیار کر سکتے ہیںجس میں ان سے بھرپور تعاون کیا جائے گی۔

یہ بات ازبکستان کے سفارتکاروں جیسور سید احمدوف اور شوکت زریپوف نے پاکستانی تاجروں خالد نواز، فوزیہ قاضی اور مسٹر زاہد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ازبکستان میں اصلاحات کے بعد توانائی کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کر دی گئی ہے جس سے کاروباری لاگت کم ہو گئی ہے۔ پاکستانی سرمایہ کار وہاں سرمایہ لگا کر بھاری منافع کما سکتے ہیں۔دونوں ممالک کا تجارتی پوٹینشل بڑھ رہا ہے اور ہم محصولاتی و غیر محصولاتی رکاوٹیں ختم کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک ادویہ سازی، چمڑے کی مصنوعات اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :