نگراں کابینہ متوازن ہوگی، تمام جماعتوں کیلئے میرے دروازے کھلے ہیں ،میرا واحد مقصد شفاف انتخابا ت کا حصول ہے، نگران وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 2 جون 2018 22:13

نگراں کابینہ متوازن ہوگی، تمام جماعتوں کیلئے میرے دروازے کھلے ہیں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) سندھ کے نامزد نگراں وزیراعلی فضل الرحمان نے کہاہے کہ نگراں کابینہ متوازن ہوگی، تمام جماعتوں کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں اور میرا واحد مقصد شفاف انتخابا ت کا حصول ہے ۔سندھ کے نامزد نگراں وزیراعلی فضل الرحمان نے ہفتہ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے گورنر ہائوس میں نگراں وزیر اعلی کا حلف اٹھایا۔

حلف برداری کی تقریب کا آغاز قومی ترانہ اور تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں سبکدوش ہونے والے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ،اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ، سابق وزرا، بیوروکریٹس، ڈی جی رینجرز ، آئی جی سندھ اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔حلف برداری کی تقریب کے بعد نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے صحافیوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ منتخب نمائندوں تک اقتدار کی منتقلی میری اولیں ذمہ داری ہے۔ نگراں وزیر اعلی نے عوام اور سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام اور سیاسی جماعتوں کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ وزیر اعلی ہائوس پہنچنے پر نگراں وزیر اعلی سندھ کو گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔