انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد جمہوریت کے منافی ہے ، بلوچستان نیشنل پارٹی

ہماری کوشش ہے کہ جمہور و جمہوری ادارے مستحکم ہوں ایسے فیصلوں کی حوصلہ شکنی کی جائے جس سے جمہوریت کو خطرہ ہو ، صوبائی بیان

ہفتہ 2 جون 2018 22:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد کو جمہوریت کے منافی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ جمہور و جمہوری ادارے مستحکم ہوں ایسے فیصلوں کی حوصلہ شکنی کی جائے جس سے جمہوریت کو خطرہ ہو بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابات بروقت ‘ صاف شفاف ہونے چاہئیں اگر اس حوالے سے تاخیری حربے استعمال کئے گئے تو یہ جمہوریت کیلئے نیک شگون نہیں ہوگا الیکشن کمیشن کے ارباب اختیار کی آئینی حوالے سے ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ 25جولائی کو ملک میں پولنگ کو یقینی بنائیں بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن اقدامات کریں کیونکہ وہ اس بات کے پابند ہیں کہ وہ غیر جانبدارانہ ‘ منصفانہ انتخابات کے عمل کو مکمل کریں تاکہ عوام کا جمہوری اداروں پر اعتماد بحال ہو ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ مختلف حیلے بہانوں ‘ ہتھکنڈوں کے ذریعے انتخابات میں تاخیر کیلئے وجوہات تلاش کی جا رہی ہیں بی این پی ایسے اقدامات بھرپور مذمت کرے گی کیونکہ پارٹی چاہتی ہے کہ آئین کے مطابق 60دن کی مدت میں انتخابات ہوں تاکہ مستقبل میں عوام کا جمہوری اداروں پر اعتماد بحال ہو اور قانون کی بالادستی یقینی ہو ماضی کے انتخابات کے حوالے سے یہ تاثر ہے کہ ان میں مداخلت اور دھاندلی کی گئی اس حوالے سے بھی سخت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انتخابات کی شفافیت یقینی ہو سکے صاف شفاف انتخابات سے ہی عوامی مسائل حل ہو سکے ہیں بی این پی نے ہمیشہ جمہوری اداروں کے استحکام ‘ آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے عوام کے حقوق کیلئے پہلے بھی آواز بلند کی اب بھی اس حوالے سے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔