لندن انٹرنیشنل یوتھ سائنس فورم میں شرکت کیلئے 148طلباء نے اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں ، پاکستان سائنس فاونڈیشن

اتوار 3 جون 2018 17:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں منعقدہ لندن انٹرنیشنل یوتھ سائنس فورم میں شرکت کیلئے 148طلباء نے اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔یہ فورم 25 جولائی سے 8 اگست تک امپرئیل کالج لندن میں جاری رہے گا ۔قواعد کے مطابق 23 جنوری 1995اور6فروری 2001کے درمیان پیداہونے والے طلباء جنہوں نے ہائیرسیکینڈری سکول سرٹیفیکیٹ یااس کے مساوی تعلیم فرسٹ ڈویژن میں مکمل کی ہو، فورم میں شرکت کا اہل ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سائنس فاونڈیشن کی ایک خاتون عہدیدارنے بتایا کہ اب تک فورم میں شرکت کیلئے 148طلباء نے ہم سے رابطہ کرلیاہے۔انہوں نے کہاکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 19مارچ مقرر کی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب سے 70، سندھ سے 30، خیبرپختونخوا سے 27، بلوچستان سے 9، وفاقی دارالحکومت سے 6، آزادجموں وکشمیرسے 5 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک طالب علم نے رابطہ کیاہے۔انہوں نے بتایا کہ کہ قواعد وضوابط کے تحت ان میں سے 114طلباء کو شارٹ لسٹ کردیا گیاہے اوران کے انٹرویو ز جاری ہیں۔