پاک افغان سرحدی علاقوں قمر دین کاریز اور باجوڑ میں افغانی حدود سے پاکستان فورسز پر دہشتگردوں کے حملے

پانچ اہلکار زخمی ،جوابی فائرنگ میں چھ دہشتگرد ہلاک متعدد زخمی

اتوار 3 جون 2018 17:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) بلوچستان او ر خیبر پختونخواء سے منسلک پاک افغان سرحدی علاقوں قمر دین کاریز اور باجوڑ میں افغانی حدود سے پاکستان فورسز پر دہشتگردوں کے حملے پانچ اہلکار زخمی ،جوابی فائرنگ میں چھ دہشتگرد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے، آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے قمر دین کاریز اور خیبر پختونخواء کے علاقے با جوڑ میں پاک افغان سرحد پرباڑ لگانے کا کام کر نے والی سکیورٹی فورسز کی ٹیموں پر افغانستان کی حدود سے دہشتگرد وں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے چار کا تعلق ایف سی جبکہ ایک کا تعلق پا ک فضائیہ سے ہے، پا کستانی فورسز کی موثر جوابی کاروائی میں چھ دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ،آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد افغانستان میں حکومتی رٹ نہ ہونے اور محفوظ پناہ گاہوں کا فائدہ اٹھا تے ہوئے بارڈر پر باڑلگانے اور پوسٹیں بنانے کے کام کو متاثر کر نا چاہتے ہیں تاہم دہشتگردی کے خلاف کئے جانے والے آپریشنز کی حاصل کردہ کامیابیوں کے بعد پاک افغان سرحد پر چوکیوں اور باڑ لگانے کے کام کو دشمن کی جانب سے درپیش تمام تر چیلنجز کے با وجود جاری رکھا جائے گا۔