Live Updates

قوم پرستی کے دعویداروں نے اپنے علاقوں سمیت بلوچستان کو پسماندگی کی طرف دھکیلا، سردار یار محمد رند

ہماری جماعت آنے والے انتخابات میں بلوچستان میں کامیابی حاصل کرکے حکومت بناکر بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریگی ، پریس کانفرنس

اتوار 3 جون 2018 18:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) تحریک انصاف بلوچستان کے صدرسرداریار محمد رند نے کہا ہے کہ قوم پرستی کے دعویداروں نے اپنے علاقوں سمیت بلوچستان کو پسماندگی کی طرف دھکیلا ہماری جماعت آنے والے انتخابات میں بلوچستان میں کامیابی حاصل کرکے حکومت بناکر بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریگی اور ہم کسی جماعت کے ساتھ الائنس نہیں کررہے ٹکٹوں کا فیصلہ صوبائی پارلیمانی بورڈ کی سفارش پر پارٹی کے چیئرمین عمران خان کریں گے۔

یہ بات انہوں نے سابق صوبائی وزیر میرشاہنواز مری کی اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اور پارٹی کے صوبائی رہنما ملک فیصل خان کاکڑ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے افطار و ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرصوبائی جنرل سیکرٹری قاسم خان سوری ، نوابزادہ شریف جوگیزئی ،ْسردار خادم حسین ورگ، سردارعاطف سنجرانی ،میر ذوالفقار سنجرانی ،نوابزادہ امین اللہ رئیسانی ،ملک سمندر خان کاسی ، ملک سیف اللہ خان کاکڑاور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سابق صوبائی وزیر میرشاہنوازمری نے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا المیہ رہا ہے کہ ہر انتخابات میں فصلی بٹیرے مستقبل میں حکومت میں آنے والی جماعتوں کے ساتھ ملک جاتے ہیں وہ حقیقی نمائندے نہیں عوام حقیقی نمائندوں کا چناؤ کریں۔ سردار یار محمد رند نے میر شاہنواز مری کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے 22سالہ جدوجہد کے بعد 2013ء کے انتخابات میں ملک بھر سے 72لاکھ ووٹ حاصل کئے کیونکہ یہ الیکشن آراوز اورڈی آر اوز کا تھا جس کے ذریعے ہماری کامیابی کو ناکامی میں تبدیل کیا گیااور میاں صاحب کو حکمرانی دی گئی وہ آج حکومت ملک کی سالمیت ،افواج اور عدلیہ کو چیلنج کررہے ہیں اسکے علاوہ نا اہلی کے باوجود آج بھی گھر میں بیٹھے وزیراعظم کا پروٹوکول استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے حقوق کے حصول کی سیاست کرتی ہے اوراس کے لئے جدوجہد کر رہی ہے آنے والا الیکشن پی ٹی آئی کی کامیابی کی نوید لیکر آرہا ہے اور ہم اپنے ساتھیوں اور دوستوں کے تعاون سے بلوچستان میں حکومت بنائیں گے تاکہ بلوچستان کی پسماندگی کودور کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسے نمائندوں کو آگے لائیں جو عوام کی خدمت کرسکیںاور ہمیں الیکشن میں کسی کے ساتھ الائنس کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔

ایک سوال کے جوا ب میں انہوں نے کہا کہ نئی جماعت میںجو ٹیم بنائی جارہی ہے وہ کامیاب نہیں ہوسکتی کیونکہ جس طرح سینٹ الیکشن اور بعد میں باپ بناکر اس میں شامل ہوئے ہیں۔سرداریار محمد رند نے کہا کہ قوم پرستی کا نعرہ لگانے والوں نے ہمارے بچوں کو پہاڑوں پر چڑھایا اور انہیں موت کے منہ میں دھکیلا اسکے باوجود آج بھی پشتون علاقے ترقیاتی عمل سے محروم ہیں اسی طرح بلوچستان کے دیگر علاقوں کی یہی صورتحال ہے یہاں پر تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کا فقدان ہے بار بار اقتدار میں آنے والوں نے عوام کی خدمت کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی اس لئے بلوچستان آج بھی پسماندہ ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات