دبئی میں خاتون پولیس اہلکار کوکاٹنے پرغیرملکی خاتون کو جیل بھیج دیا گیا

خاتون حملہ آور ہوتے وقت نشے میں دُھت تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 4 جون 2018 11:39

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 4 جُون 2018ء) دوبئی میں مقیم ایک اُزبک خاتون کو اتوار کے روز دبئی کی عدالت نے چھے ماہ کے لیے جیل بھیج دیا ۔ خاتون پر ایک خاتون پولیس اہلکار کو ڈیوٹی کے دوران دائیں کلائی پر دانتوں سے کاٹنے اور گالیاں دینے کا الزام تھا۔ سرکاری استغاثہ کے مطابق 27 سالہ اُزبک خاتون نے 15 مارچ 2018ء کو ال برشا میں خاتون پولیس افسر کی جانب سے گرفتار کیے جانے کی کوشش پر مزاحمت کا مظاہرہ کیا تھا۔

اُس وقت وہ نشے کی حالت میں تھی۔ عدالت نے ملزمہ کو خاتون پولیس اہلکار پر دورانِ ڈیوٹی حملہ آور ہونے‘ گرفتاری پرمزاحمت کرنے‘ گالیوں بھری زبان استعمال کرنے اور بغیر لائسنس کے شراب استعمال کرنے کا مُرتکب پایا ہے۔ ملزمہ کی سزا پُوری ہونے کے بعداُسے متحدہ عرب امارات سے ڈی پورٹ کرنے کا حُکم بھی سُنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خاتون پولیس اہلکار نے شکایت درج کرائی تھی کہ اُس کے انچارج افسر نے اطلاع دی کہ ایک خاتون نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کر رہی ہے اور پولیس سے تعاون نہیں کر رہی۔

خاتون اہلکار کے مطابق ’’میں اُس جگہ پر گئی جہاں خاتون موجود تھی۔ اُس کے ساتھ کار میں ایک اور خاتون بھی تھی۔ اُن میں سے دُوسری خاتون میرے احکامات کو مانتے ہوئے کار سے اُتر کر پولیس کی گاڑی میں جا بیٹھی۔ جبکہ ڈرائیونگ کرنے والی خاتون کو جب گرفتار کرنے کی کوشش کی اُس نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران مجھے دانتوں سے کاٹ کھایا۔ ‘‘ نشے میں دُھت خاتون نے گرفتاری میں مزاحمت کے دوران پولیس اہلکارکو گالیا ں بھی دیں مگر پھر اُسے قابو کر کے ہتھکڑیوں میں جکڑا گیا اور پولیس کی کار میں بٹھادیا گیا۔

گرفتار کی گئیں دونوں خواتین پولیس کی گاڑی میں ایک دُوسرے سے گُتھم گُتھا ہو گئیں۔ انہیں پولیس اسٹیشن لے جایا گیا جبکہ زخمی خاتون اہلکار کو طبی معانے کے لیے بھیج دیا گیا۔ اُزبک خاتون نے تفتیش کے دوران اعتراف کر لیا کہ وہ نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کر رہی تھی اور اس نے گرفتاری پرمزاحمت کرنے کے دوران خاتون پولیس اہلکار پر حملہ آور بھی ہوئی تھی۔ خاتون نے پولیس اہلکار کی کلائی پر دانت گاڑنے کا بھی اعتراف کر لیا۔ ملزمہ کو سزا کے خلاف پندرہ دِن کے اندر عدالت میں اپیل کرنے کا حق دیا گیا ہے۔