Live Updates

جن کی خاطر جیل گئے ، وہی قربانی بھول گئے

احتساب عدالت کے باہر نہال ہاشمی کا نواز شریف کو سلام ، نواز شریف نے جواب نہ دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 4 جون 2018 11:46

جن کی خاطر جیل گئے ، وہی قربانی بھول گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو آج احتساب عدالت کے باہر اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے اپنے قائد نواز شریف کو سلام کیا اور انہیں سلام کے جواب کی بجائے نظر اندازی کو تحفہ دیا گیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آج صبح احتساب عدالت کے باہر نہال ہاشمی نے اپنے قائد نواز شریف کو سلام کیا لیکن نواز شریف نے انہیں سراسر نظر انداز کیا اور آگے بڑھ گئے جس کے بعد نہال ہاشمی نے مریم نواز کو بھی آگے بڑھ کر سلام کرنے کی کوشش کی لیکن مریم نواز نے بھی نہال ہاشمی پر ایک نظر تک نہ ڈالی اور اپنے والد کے پیچھے آگے بڑھ گئیں۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ نہال ہاشمی کے ساتھ ایسا سلوک دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ پارٹی قیادت نے ان سے جو کام لینا تھا وہ لے چکے اور اب ان کو نظر انداز کر کے ایک پیغام دیا جا رہا ہے کہ شاید پارٹی کو اب مزید ان کی ضرورت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ نہال ہاشمی نے اپنے پارٹی قائد نواز شریف کی اداروں کے خلاف جارحانہ پالیسی اپنانے کی پیروی کرتے ہوئے عدلیہ مخالف سخت بیانات دئے تھے جس پر انہیں سپریم کورٹ نے طلب کر کے ایک ماہ قید کی سزا سنائی ، عدالت نے نہال ہاشمی کو 5 سال کے لیے نا اہل قرار دیتے ہوئے ان پر 50 ہزار روپے کا جُرمانہ بھی عائد کیا۔

ایک ماہ کی سزا کاٹنے کے بعد نہال ہاشمی نے باہر آکر میڈیا سے گفتگو کی جس میں انہوں نے پھر عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جس پر نہال ہاشمی کو دوبارہ توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ، تاہم دوسری مرتبہ نہال ہاشمی نے عدالت سے معافی مانگ کر معاملہ ختم کروایا۔ نہال ہاشمی کے جیل جانے پر نواز شریف نے ان کے حق میں بیانات دئے جبکہ مریم نواز نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنی پروفائل تصویر کی جگہ نہال ہاشمی کی تصویر لگا کر ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ لیکن آج نہال ہاشمی کے ساتھ احتساب عدالت کے باہر ہوئے سلوک نے کچھ اور ہی کہانی بیان کر دی ہے۔
جن کی خاطر جیل گئے ، وہی قربانی بھول گئے
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات