Live Updates

عمران خان غیر سنجیدہ شخص ہیں جو ملکی اداروں کی تباہی کی قیمت پر اقتدار حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں، رانا تنویر حسین

با شعور عوام ان شعبدہ بازوں کو جان چکے ہیں،25جولائی کے انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے انہیں گوشہ نشینی پر مجبور کر دیں گے،میڈیا سے گفتگو

پیر 4 جون 2018 22:57

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) سابق وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار اینڈ سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان غیر سنجیدہ شخص ہیں جو ملکی اداروں کی تباہی کی قیمت پر اقتدار حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔پاکستان کے با شعور عوام ان شعبدہ بازوں کو جان چکے ہیں اور25جولائی کے انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے انہیں گوشہ نشینی پر مجبور کر دیں گے۔

بلدیہ مریدکے کے سینئر کونسلر رانا ریاض احمد خاں کی طرف سے پر ہجوم افطار ڈنر کے موقع پر سابق ایم این اے رانا افضال حسین، سابق ایم پی اے حاجی مشتاق احمد گجر، چیئر مین ضلع کونسل شیخوپورہ رانااحمد عتیق انور، چیئر مین بلدیہ مریدکے میاں شبیر احمد، وائس چیئر مین رانا ماجد نواز اور سینئر کونسلر سید اعجاز الحسن شیرازی کے ہمراہ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملکی معاملات میں ہر سطح پر رکاوٹ پیدا کی اور اسمبلی کی کارروائی کے دوران بھی بد دیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمانی عمل کو روکنے کے ساتھ ساتھ بھاری معاوضے بھی وصول کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اپنی آئینی مدت کے دوران پاکستانیوں کے معیار زندگی کو بلند کیا ہے اور علاقوںکی ترقی کے 70سالہ ریکارڈ توڑے ہیں اس لیے ہم فخر کے ساتھ اپنا پیغام لے کر عوام میں جا رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے پاس الزام تراشی کے علاوہ کچھ نہیں ہے جو ان کی شکست کے لیے کافی ہو گا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ عدلیہ سمیت دیگر ادارے اپنا اپنا کام کر رہے ہیں تاہم کام کرنے والے سیاسی رہنماؤں اور سرکاری افسران کی حوصلہ شکنی ملکی ترقی کا پہیہ جام کر دے گی۔ انہوںنے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ تعلیم یافتہ ہیں اس لیے جھوٹے پراپیگنڈہ کے بجائے زمینی حقائق کے مطابق اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں اور حقیقی نمائندگی کی صلاحیتوں کے حامل امیدواروں کا انتخاب کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات