الیکشن کمیشن میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال میں معاونت کے لئے چاروں صوبوں کے لئے الگ الگ ڈیسک قائم

پیر 4 جون 2018 23:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) الیکشن کمیشن میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال میں معاونت کے لئے چاروں صوبوں کے لیے الگ الگ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جب کہ سیل میں ایف آئی اے، نادرا، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کے نمائندے شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق جانچ پڑتال کا عملہ تین شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کرے گا اور ریٹرننگ افسران فیکس کے ذریعے کاغذات نامزدگی بھجوائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن اختر نذیر نے اسکروٹنی سیل کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔سپریم کورٹ نے اپیلوں پر سماعت کے دوران کہا تھا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے انتخابات تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں اور انتخابات میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی 4 سے 8 جون تک جمع کرائے جاسکیں گے جب کہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 8 جون کو آویزاں کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ باقی انتخابی شیڈول اسی طرح ہی رہے گا اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جون تک کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 19 جون تک دائر کی جاسکیں گی اور اپیلٹ ٹریبونل 26 جون تک اپیلیں نمٹائیں گے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں خواتین، غیرمسلموں کی مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرستیں 8 جون تک جمع کرادیں اور مخصوص نشستوں سے متعلق ترجیحی فہرستیں متعلقہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع ہوں گی۔