الیکشن کمیشن کا جسٹس (ر) دوست محمد کو خیبر پختونخوا کا نگران وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا اعلان

منگل 5 جون 2018 12:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے جسٹس (ر) دوست محمد کو خیبر پختونخوا کا نگران وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا اعلان کر دیا۔ منگل کو الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کمیشن کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے بھجوائے گئے نگران وزیراعلیٰ کے 4 ناموں پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کے حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس (ر) دوست محمد خان کو نگران وزیراعلیٰ نامزد کردیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی نامزدگی کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیاگیا ہے۔واضح رہے کہ نگران وزیراعلیٰ کے انتخاب پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اورقائد حزب اختلاف مولانا لطف الرحمن کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس گیا تاہم وہاں بھی اس پر اتفاق رائے نہ ہونے پر سپیکر نے یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوادیا تھا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کو حکومت کی جانب سے حمایت اللہ ، اعجاز قریشی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے منظور آفریدی اور سابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد کے نام ارسال کئے گئے تھے۔ جس میں سے الیکشن کمیشن نے اتفاق رائے سے جسٹس دوست محمد کو نامزد کردیا۔