عمر ایسوسی ایٹس نے نیا ناظم آباد رمضان کپ 2018 ء جیت لیا

گورنر سندھ نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

منگل 5 جون 2018 16:44

عمر ایسوسی ایٹس نے نیا ناظم آباد رمضان کپ 2018 ء جیت لیا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے نیا ناظم آباد کے حسین لوائی کرکٹ گرائونڈ میں نیا ناظم آباد رمضان کپ 2018 ء کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ فائنل میچ میں فاتح اور رنراپ ٹیم کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق فائنل میچ عمر ایسوسی ایٹس اور نیشنل بینک آف پاکستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ، جس میںعمر ایسوسی ایٹس نے 29 رنز سے کامیابی حاصل کی ۔

واضح رہے کہ عمر ایسوسی ایٹس نے تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیاجبکہ وہ 5 مرتبہ فائنل میں پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل کرچکی ہے ۔فائنل میچ میں نیشنل بینک کے عثمان اور عمر اکمل نے شاندار بیٹنگ جبکہ عمر ایسوسی ایٹس کے محمد عرفان نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

نیشنل بینک آف پاکستان کے کھلاڑی عثمان خان کو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیاگیا۔

فائنل میچ میں کرکٹ کے شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس میں عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی ،سابق ہاکی اولپمئن اصلاح الدین، کراچی کے کرکٹ کلبز عہدیدار اور کرکٹرز بھی شامل تھے۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی حب کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں پروان چڑھ رہی ہیں بڑی تعداد میں نوجوان کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ،ان مثبت سرگرمیوں کے باعث ہمارا نوجوان معاشرتی برائیوں سے محفوظ ہورہا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیا ناظم آباد رمضان کپ کے ذریعہ عارف حبیب کی کرکٹ کے فروغ کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں جس سے ان کا کرکٹ سے شغف واضح ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر کرکٹ کے فروغ سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو عالمی معیار کے کرکٹر ز حاصل ہونگے ، کراچی نے عالمی معیار کے کئی کرکٹرز قومی ٹیم کو فراہم کئے جنھوں نے اپنی صلاحیتوں سے نہ صرف پاکستان کو انٹر نیشنل میچز میںکامیابی دلائی بلکہ انہوں نے عالمی سطح پر اپنا اور ملک کا نام روشن کیا، اس طرح کے ٹورنامنٹ نئے ٹیلنٹ کو ابھارنے اور نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میچ میں شائقین کی بڑی تعداد میں شرکت نے ایک بار پھر کراچی میں کرکٹ کے بخار کی یاد تازہ کردی ہے۔