نگران وفاقی وزراء کو ان کے محکموں کے قلمدان سونپ دیئے گئے

منگل 5 جون 2018 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) نگران وفاقی وزراء کو ان کے محکموںکے قلمدان سونپ دیئے گئے ہیں۔کابینہ ڈویژن کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی ایڈوائس پر 6 وفاقی وزراء مقرر کئے ہیں جنہوں نے منگل کو ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ،وزیراعظم کی طرف سے 6 وفاقی وزراء کو قلمدان بھی سونپ دیئے گئے ہیں۔

عبداللہ حسین ہارون کو وزارت خارجہ امور ،قومی سلامتی ڈویژن کا قلمدان سونپا گیا ہے ،ان کے پاس وزارت دفاع ،وزارت دفاعی پیداوار کا اضافی چارج بھی ہوگا۔محمد اعظم خان کو وزارت داخلہ ،کپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (کیڈ) ڈویژن ، وزارت انسداد منشیات، کا قلمدان دیا گیا ہے وزارت بین الصوابی رابطہ کا اضافی قلمدان بھی ان کے پاس ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شمشاد اختر کو وزارت خزانہ ، محصولات و اقتصادی امور ، وزارت شماریات ، وزارت منصوبہ بندی ترقی واصلاحات کا قلمدان سونپا گیا ہے جبکہ وزارت تجارت و ٹیکسٹائل ، وزارت صنعت و پیداوارکا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہوگا۔

سید علی ظفر کو وزارت قانون انصاف پارلیمانی امور ،وزارت اطلاعات و نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔محمد یوسف شیخ کو وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا قلمدان سونپا گیا ہے وزارت صحت ، خدمات ، وزارت مذہبی امور و بین العقیدہ ہم آہنگی کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہوگا۔مسز روشن خورشید بروچہ کو وزارت انسانی حقوق، وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان ، وزارت ریاستیں و سرحدی امور کا قلمدان سونپا گیا ہے۔