محکمہ موسمیات کی29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہونے کی پیشگوئی

شوال کے چاند کی پیدائش 14 جون کوشب 12:45 پر ہوگی، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے 3 منٹ ہوگی، محکمہ موسمیات

بدھ 6 جون 2018 16:58

محکمہ موسمیات کی29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہونے ..
ْاسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) محکمہ موسمیات نے سائنسی لحاظ سے 29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہونے کی پیشن گوئی کی ہے، شوال کے چاند کی پیدائش 14 جون کوشب 12:45 پر ہوگی اور سورج غروب ہونے کے وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے 3 منٹ ہوگی،محکمہ موسمیات نے وزارت مذہبی امور کو شوال کے چاند کی عمر پر تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق غروب آفتاب کے وقت سے چاند 39 منٹ تک آسمان پر دکھائی دے گا تاہم سائنسی طور پر چاند کی عمر 26 گھنٹے 42 منٹ ہو تو وہ دکھائی دے سکتا ہے۔ شوال کا چاند نظر آنے میں مطلع کے صاف ہونے کا بھی اہم کردار ہے۔ پاکستان میں اگر مطلع صاف ہوا اورآسمان پر بادل نہ ہوئے تو شوال کا چاند انسانیآنکھ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے لیکن اگر 29 رمضان المبارک کو مطلع ابرآلود ہوا تو انسانی آنکھ سے چاند دیکھنا ممکن نہ ہوسکے گا اور اس کیلئے جدید مشینری کی مدد لینا پڑے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ہر برس رویت ہلال کمیٹی ملک کے ایسے مقامات کا انتخاب کرتی ہے جو نہ صرف بلند و بالا ہوتے ہیں بلکہ وہاں دور دور تک کا نظارہآسانی سے کیا جا سکتا ہے۔ کراچی میں ریڈیو پاکستان اور حبیب بینک کی بلند و بالا عمارتیں اس کی واضح مثالیں ہیں جہاں ہر برس عید کا چاند دیکھنے کی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس برس بھی امید کی جا رہی ہے کہ لاہور اور کراچی سمیت پورے ملک کے مختلف مقامات پر عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔