کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس فورس24گھنٹے چوکس ہے،آئی جی خیبرپختونخوا

بدھ 6 جون 2018 17:46

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) صوبائی پولیس سربراہ صلاح الدین خان محسود نے تمام اعلیٰ پولیس حکام بالخصوص ڈی پی اُوز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ رمضان المبارک کا اختتامی سفر قریب آرہاہے اور آنے والی عیدالفطر موجودہ حالات کے پس منظر میں ہم سب سے مبارک باد سے بڑھ کر اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا تقاضہ کرتی ہے۔ دہشت گردی کی دم توڑتی لہر کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک کے دوران ہونے والی لوڈ شیڈنگ کے نتیجے میں کئے جانے والے عوامی احتجاج جیسے واقعات میں پولیس کو اپنی ذمہ داریوں کا پورا پورا ادراک ہے جس سے عہدہ برآہونے کے لیے دن رات کی سخت محنت، ٹیم ورک بہتر عوامی رابطے اور بہترین حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

یقیناً آج فورس کی عزت اور وقار میں جو اضافہ ہوا ہے وہ سب پولیس فورس کی بیش بہا قربانیوں کیوجہ سے ہے۔

(جاری ہے)

جن کے ہر رینک کے افسر و جوان نے ایک دوسرے سے بڑھ کر قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی فورس کے افسران و جوانان فرائض کی ادائیگی کے دوران خندہ پیشانی سے عوامی خدمت سے سرشار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے 24گھنٹے چوکس ہے۔بالخصوص 27رمضان اور عیدالفطرکے موقع پر ہمیں ڈیوٹی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کے اہل وعیال/ورثاء کو نہیں بھولنا چاہیئے۔ تمام پولیس افسران اپنے اپنے حدود میں پولیس شہداء کے واقع گھروں میں رمضان تحائف اور عید تحائف کیساتھ خود حاضرہوکر ان ایام کی فضیلت اور خوشیوں میں ان کیساتھ شریک ہوجائیں تاکہ وہ اپنے آپ کو تنہا محسوس نہ کر سکیں۔

اس کے ساتھ ساتھ زیر علاج زخمی پولیس جوانوں کی عیادت بھی پولیس فورس کے تحائف کے ساتھ کریں۔اس موقع پر ہمیں دہشت گردی کا مکمل صفایا کرنے اور حکومتی رٹ کے قیام کے لئے یہ عہد بھی کرنا ہوگا کہ ملک و قوم کی خدمت کے لیے پہلے کی طرح آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اور آپ کا ماتحت عملہ صوبہ میں امن و آمان کے قیام اور یہاں کے عوام کے جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں شہادت کے جذبے کو پروان چڑھائیں گے۔

اور آئندہ بھی ٹیم ورک اور عوام کے ساتھ رابطہ مستحکم کرکے صوبے میں مثالی امن کے قیام کو یقینی بنا کر خیبر پختونخوا پولیس کے درخشندہ روایات کو سربلند رکھیں گے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بطریق احسن سرانجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔