ہر قسم کے مشکلات اور مسائل سے نجات صرف اور صرف مسلسل منظم اور متحد ہوکر جدوجہد میں ہے ،رہنماء پشتونخواملی عوامی پارٹی

پشتون قوم اور پشتونخوا وطن کے تمام عوام کو بالخصوص محکوم قوموں اور ملک کے عوام کو بالعموم جن سنگین بحرانوں اور مشکلات کا سامنا ہے اس سے نجات کیلئے ملک میں حقیقی وفاقی پارلیمانی نظام کو قائم رکھتے ہوئے شفاف انتخابات کا بروقت انعقاد جمہوریت کے استحکام ، آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی ، قوموں کی برابری کو عملاً تسلیم کرانے اور ہر شعبہ زندگی میں بلاتمیز تمام عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں سمیت سماجی انصاف پر مبنی نظام دینے میں ہیںاس کے بغیر کوئی چارہ اور راستہ نہیں ، ضلعی کمیٹیوں کے اجلاسوں سے خطاب

بدھ 6 جون 2018 22:56

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ہر قسم کے مشکلات اور مسائل سے نجات صرف اور صرف مسلسل منظم اور متحد ہوکر جدوجہد میں ہے ،پشتون قوم اور پشتونخوا وطن کے تمام عوام کو بالخصوص محکوم قوموں اور ملک کے عوام کو بالعموم جن سنگین بحرانوں اور مشکلات کا سامنا ہے اس سے نجات کیلئے ملک میں حقیقی وفاقی پارلیمانی نظام کو قائم رکھتے ہوئے شفاف انتخابات کا بروقت انعقاد جمہوریت کے استحکام ، آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی ، قوموں کی برابری کو عملاً تسلیم کرانے اور ہر شعبہ زندگی میں بلاتمیز تمام عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں سمیت سماجی انصاف پر مبنی نظام دینے میں ہیںاس کے بغیر کوئی چارہ اور راستہ نہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی سینئر نائب صدر سنیٹر سردار اعظم موسیٰ خیل ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز محمد عیسیٰ روشان ، سید شراف آغانے پشین ، پارٹی کے صوبائی نائب صدرعبدالقہار خان ودان نے ضلع لورالائی و ضلع موسیٰ خیل اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر حامد خا ن اچکزئی ، علائوالدین کولکوال نے ضلع قلعہ عبداللہ کی ضلعی کمیٹیوں کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ضلعی کمیٹیوں کے اجلاسوں میں 25جولائی کے عام انتخابات کے سلسلے میں مختلف امور پر فیصلے کیئے گئے ۔ پارٹی عہدیداروں اور کمیٹی کے اراکین نے بھرپور انداز میں اجلاسوں میں شرکت کرکے آنیوالے انتخابات کے سلسلے میں تجاویز مرتب کیں۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے عہدیداروں ، کارکنوں اور ہمارے غیور عوام نے ہمیشہ ہرقسم کے ظلم وجبر ناانصافی کے خلاف تاریخ ساز جدوجہد کرتے ہوئے اپنے وطن اور قوم اور تمام مظلوم عوام کے حقوق واختیارات کے حصول کیلئے مسلسل قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ایک ہی روز کے نوٹس پر کامیاب منظم اعلیٰ جمہوری رویے پر مبنی اجلاسوں کے انعقاد اور احتجاجی مظاہروں میں عوام کی بھرپور شرکت قابل تحسین اور قابل تقلید ہے۔اور پشتونخوامیپ نے ہمیشہ ایک منظم پارٹی کی حیثیت سے پشتون قومی تحریک کے ہر اول دستے کی حیثیت سے قومی اہداف کے حصول اور قومی مفادات کے تحفظ کی جدوجہد میں رہنماء کردار ادا کیا ہے اور محکوم قوموں اور مظلوم عوام کے حقوق واختیارات کے حصول یعنی عوام کے حق حکمرانی کو یقینی بنانے اور بلا تمیز تمام عوام کے سرومال کے تحفظ اور جمہوریت کے استحکام کیلئے ان کی جدوجہد ہر کسی سے زیادہ ہے اور پشتونخوامیپ نے اپنے محبوب قائد پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی اور پارٹی قیادت کی رہنمائی میں ہر قسم کی گھمبیر حالات میں پشتونخوا وطن کی قومی وحدت اور قومی تشخص پر مبنی قومی پشتون خودمختیار صوبے کے قیام اس پشتون بلوچ دوقومی صوبے میں قومی برابری تسلیم کرانے ، جنوبی پشتونخوا صوبے کی بحالی ، پشتونخوا وطن کے تمام وسائل پر قومی اختیار حاصل کرنے ، تمام ملک میں پشتونوں سمیت تمام عوام کی سرومال کی تحفظ کیلئے جدوجہد کے ساتھ ساتھ پشتونخوا وطن کے ہر علاقے کی ترقی وخوشحالی اور پر امن زندگی کے حصول کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔

اور بالخصوص پشتونخوا وطن کے غیور عوام میںاپنے وطن کی قومی وحدت وقومی تشخص اور قومی واک واختیار کے حصول کے لئے پیدا ہونیوالی قومی دلیری ،سیاسی بیداری، قومی سوچ ، ولولہ اور جذبے سالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور دوسرے اکابرین کی ویژن اور تاریخ ساز قربانیوں سے لبریز جدوجہد کا نتیجہ ہے جنہوں نے بالخصوص پشتون قومی تحریک کو حقیقی سمت دیکر اپنے غیور عوام کو وطن دوستی ، عوام دوستی اور انسان دوستی کی حقیقی جدوجہد کی راہ پر متعین کردیااور انہیں ہر قسم کی آمریت ، ظلم وجبر اور ہر قسم کی ناروا بالادستی کیخلاف جدوجہد کا درس دیا ۔

اور خاص کر جنوبی پشتونخوا کے وجود ، اس کی تشخص اور بلاتمیز اس کے تمام عوام کے حقوق واختیارات کا حق ثابت کرتے ہوئے اس کے حصول کیلئے جاری لہر اور آوازیں خان شہید کی انتہائی مشکل ترین وقت میں سخت ترین جدوجہد کا نتیجہ ہے اور آج جنوبی پشتونخوا کے ہر علاقے کے ہر شعبہ زندگی میں عوامی نمائندگی سمیت موجود سہولیات پشتونخوامیپ ان کے اکابرین ،قیادت ، کارکنوں اور ہمارے غیور عوام کی جدوجہد کا ثمر ہے ۔

جبکہ اس کے برعکس اب بھی ہمارے عوام کو جس طرح ہر شعبہ زندگی میں اذیت ناک مشکلات کا سامنا ہے ان سے نجات ماسوائے منظم پارٹی اور منظم اور قربانیوں سے لبریز جدوجہد کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے غیور عوام کو اس حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے اپنے دوستوں اور دشمنوں میں تمیز کرنا ہوگا اور آپس کی رنجشوں سے بالاتر ہوکر قومی اتحاد واتفاق کی راہ اپنا کر اپنی ملت اور قوم کی قومی اہداف کے حصول کی خاطر ہونیوالی جدوجہد کو ہر سطح پر تقویت دینی ہوگی۔

اور ابن الوقت عناصر وجعلی اور مصنوعی قیادت سمیت تمام غیر جمہوری قوتوں کی عوام کی حق حکمرانی کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنے صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیدار اور کارکن انتخابی مہم کو تیز کرتے ہوئے اپنے پارٹی امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے جدوجہد تیز کرے ۔ اور پارٹی کے مروج اصولوں اور طریقہ کار کو ہر قسم کے حالات میں اپنا کر مکمل نظم وضبط کے ساتھ اپنی صف بندی کو فعال بنائیںاور اپنے غیور عوام پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے اپنے عوامی رابطوں کو وسیع کریں ۔