پاکستانی ڈرائیور غضبناک ہو کر سعودی گاڑیوں پر چڑھ دوڑا

پولیس نے ٹائر پر گولی مار کر ڈرائیور کو قابو کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 7 جون 2018 14:43

پاکستانی ڈرائیور غضبناک ہو کر سعودی گاڑیوں پر چڑھ دوڑا
مکّہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 7 جُون 2018ء) غضبناک پاکستانی شیول ڈرائیور نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر اپنی شیول کی مدد سے یکے بعد دیگرے 15 سے زائد گاڑیاں تباہ و برباد کر ڈالیں۔ اپنی نوعیت کا یہ منفرد واقعہ مکہ مکرمہ کے علاقے الکطیہ میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی شیول ڈرائیور نے کسی نامعلوم وجہ کے باعث طیش میں آ کر علاقے میں موجود کھڑی گاڑیوں کو اپنی شیول تحت روندنا شروع کر دیا۔

وہ اپنے راستے میں آنے والی ہر گاڑی کو تہس نہس کرنے کا ارادہ بنائے بیٹھا تھا مگر مقامی لوگوں کی جانب سے اس واقعے کی اطلاع پولیس کو کر دی گئی جس کے بعد جائے وقوعہ پر پولیس‘ ٹریفک‘ موبائل پولیس‘ ہلالِ احمر اور شہری دفاع کے کارندے پہنچ گئے ۔ طیش سے بھرے ملزم نے سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی موجودگی میں بھی اپنے جارحانہ عمل کو جاری رکھا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے ملزم کو بار بار اُس کے جنونی عزائم سے باز رکھنے کی کوشش کی گئی مگر وہ قریب موجود گاڑیوں کو اپنے غیظ و غضب کا نشانہ بناتا رہا۔ ملزم کے باز نہ آنے پر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی اور ملزم کو قابو کرنے کی کوشش جاری رکھی۔ آخر پولیس نے کوئی چارہ نہ دیکھتے ہوئے شیول کے ٹائر کو نشانہ بنایا۔ جس کے بعد جنونی ڈرائیور کوپولیس نے گرفتار کر لیا۔

مگر اس سے پیشتر ملزم کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیوں کو تہس نہس کرنے میں کامیاب ہو چکا تھا۔ اپنی طیش بھری ڈرائیونگ کے اس واقعے کے دوران اس نے بجلی کے کئی کھمبوں کو بھی اپنے تخریبی عزائم کا نشانہ بنایا۔ خوش قسمتی سے اُس کے اس جارحانہ عمل کے دوران کسی جان کا ضیاع نہیں ہوا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے پولیس سٹیشن منتقل کر دیا۔تاحال ملزم کی اس کارروائی کے پسِ پردہ محرکات کا پتا نہیں چل سکا۔