الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 8جون سے بڑھا کر 11جون مقرر ، تاریخ میں توسیع تمام سیاسی جماعتوں کی سہولت کے پیش نظر کی گئی ،خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں جمع کرانے کی تاریخ بھی 11جون مقرر

جمعرات 7 جون 2018 22:37

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرانے کی تاریخ ..
اسلام آبا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی ،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 8جون سے بڑھا کر 11جون 2018مقرر کردی گئی، تاریخ میں توسیع تمام سیاسی جماعتوں کی سہولت کے پیش نظر کی گئی ہے ،خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں جمع کرانے کی تاریخ بھی 11جون تک بڑھا دی گئی ۔

جمعرات کو ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کی سہولت کے پیش نظر کاغذات نامزدگی داخل کرانے کی تاریخ میں توسیع کی منظوری دی ہے لہذا کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 8جون سے بڑھا کر 11جون 2018مقرر کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح خواتین اور غیر مسلموں کے لئے مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں جمع کرانے کی تاریخ بھی 11جون2018تک بڑھا دی گئی ہے ،قومی اسمبلی کی خواتین کی 33مخصوص نشستیں برائے صوبہ پنجاب وصوبائی اسمبلی پنجاب کیلئے مختص 66خواتین اور 8غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمیشنر پنجاب کے دفتر جمع کروائی جائیں ،قومی اسمبلی کی خواتین کی 14مخصوص نشستیں برائے صوبہ سندھ وصوبائی اسمبلی سندھ کیلئے مختص 29خواتین اور9غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر جمع کروائی جائیں ۔

قومی اسمبلی کی خواتین کی چار مخصوص نشستیں برائے صوبہ بلوچستان وصوبائی اسمبلی بلوچستان کیلئے مختص11خواتین اور تین غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمیشنر بلوچستان کے دفتر جمع کروائی جائیں ،قومی اسمبلی کی خواتین کی 9مخصوص نشستیں برائے صوبہ خیبرپختونخوا وصوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا کیلئے 22مخصوص خواتین اورتین غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمیشنر خیبرپختونخوا کے دفتر جمع کروائی جائیں ،قومی اسمبلی کیلئے غیر مسلموں کی دس مخصوص نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشنز ،الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد سیکرٹریٹ کے پاس جمع کروائی جائیں گی ۔