ہنگومیں انتخابات کی تیاریاں مکمل،180پولنگ سٹیشنز اور 547پولنگ بوتھ قائم

جمعہ 8 جون 2018 19:37

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) ملک کے دیگرحصوں کی طرح ضلع ہنگو میں بھی انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ الیکشن کمیشن ضلع ہنگو کے مطابق حلقہ این اے 33ہنگو ضلع بھر میں 275947ووٹرز کے لئے 180پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں جس میں مردوں کے لئے 46اور خواتین کے لئے 37الگ الگ پولنگ سٹیشن جبکہ 97مشترکہ پولنگ سٹیشنزاور547پولنگ بوتھ قائم کئے گئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ہنگو ضلع بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 275947ہے جس میں مر د ووٹرز 160297جبکہ خواتین ووٹوں کی کل تعدا د 115650رجسٹرڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمشنر محمد عرفان نے کہا کہ انتخابی عمل کو صاف و شفاف طریقے سے پایا تکمیل تک پہنچانا اولین ترجیح ہے جبکہ ضلع ہنگو میں کسی بھی امیدوار کو انتخابی مہم چلانے میں کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں اور امید ہے کہ الیکشن خوشگوار ماحول میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں خواتین کے لئے پردہ ہے تا ہم خواتین کو بھی مردوں کی طرح حق رائے دہی کے استعمال کا پورا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران سخت سیکورٹی کے انتظامات بھی کئے جائیں گے جبکہ اس سلسلے میں عوام امیدواروں نے بھی مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔