Live Updates

کے پی فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی، مال روڈ پر واقع گودام پرچھاپہ

چھ ہزار کلوگرام غیر معیاری گوشت برآمد، گوشت میں جانوروں کے اعضا کا انکشاف، جگر اور دل کو مکس اور رنگ دیکر قیمے کے نام پر فروخت کیا جاتا تھا، تین افراد گرفتار

ہفتہ 9 جون 2018 18:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کیساتھ مشترکہ کاروائی کے دوران مردان مال روڈ پر واقع گودام سے چھ ہزار کلوگرام غیرمعیاری گوشت برآمد کرکے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر مردان عمران خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر کے پی فوڈ اتھارٹی مردان ذیشان محسود نے حاصل ہونے والی خفیہ معلومات پر کاروائی عمل میں لاتے ہوئے مردان کے مال روڈ پر رات کے وقت چھاپہ مارا۔

چھاپے کے دوران چھ ہزار کلوگرام غیرمعیاری گوشت برآمد کرکے تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق گوشت میں دل اور جگر کے اعضا کے پیکٹس قبضے میں لئے گئے جسے مکس کرکے رنگ دیا جاتا تھا اور قیمے کی شکل میں پورے مردان کو سپلائی کیا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور کے پی فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ کاروائی نے غیرمعیاری گوشت کے روزگار سے وابستہ افراد کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ متعلقہ گودام سے پورے مردان کو قیمہ کی ترسیل کیجاتی تھی جسے اب سیل کردیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے گوشت کے زرائع اور حصول سے متعلق تفتیش جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈائریکٹرجنرل کے پی فوڈ اتھارٹی ریاض خان محسود نے اس مشترکہ کاروائی کو سراہتے ہوئے اس کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ ضلع میں موجود تمام ادارے کے پی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کا حصہ ہے اور تمام اداروں کو ساتھ لیکر جعلسازوں اور خوراک گردی کا صفایا کرینگے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر اضلاع میں بھی ضلعی دفاتر سے قریبی روابط ہیں اور ڈی آئی خان، سوات، بنوں کوہاٹ اور پشاور میں اب تک بڑے بڑے آپریشن عمل میں لائے جاچکے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر مردان عمران خان نے بھی کے پی فوڈ اتھارٹی کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس کاروائی کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مردان ٹیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور مستقبل میں بھی ایسی کاروائیاں عمل میں لائی جائینگی تاکہ مردان کے عوام کے صاف اور صحت مند خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات